Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

برسبین: پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور 5 رنز سے شکست

شائع 24 نومبر 2019 06:10am

برسبین: آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور 5 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

برسبین میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اس کے 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز تھے جب کہ کریز پر شان مسعود 27 اور بابر اعظم 20 رنز بناکر موجود تھے، پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 276 رنز درکار تھے۔

چوتھے دن کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کو یکے بعد دیگرے 2 وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ شان مسعود 42 جب کہ افتخار احمد صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر محمد رضوان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر ذمے دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 132 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

226  رنز کے مجموعی اسکور پر نیتھن لیون نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی پارٹنر شپ کا خاتمہ کیا، بابر اعظم نے 104 رنز کی اننگز کھیلی۔

جس کے بعد رضوان نے یاسر شاہ کے ساتھ پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی۔ چائے کے وقفے تک پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے تھے۔

برسبین میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز پاکستان نے دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 276 رنز درکار تھے۔

پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں 335 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔