Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیر اعظم کا طنز، لیکن نواز شریف کو ایئر ایمبولینس پر کس طرح چڑھایا گیا؟

شائع 23 نومبر 2019 07:09am

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان  نے نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو جہاز پر چڑھتے دیکھا تو ان کی میڈیکل رپورٹ چیک کی۔ ڈاکٹرز نے تو کہا تھا کہ نوازشریف کی حالت بہت خراب ہے۔ کہا جارہا تھا کہ بیرون ملک نہ گئے تو جان کو خطرہ ہوگا۔ تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے وہ اچانک کیسے ٹھیک ہوگئے۔ نوازشریف کو سیڑھیاں چڑھتے دیکھ کر کہا، اللہ یہ تیری شان ہے۔

وزیراعظم کی جانب سےتنقید کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نواز شریف کو لفٹر کے ذریعے ایئر ایمبولینس میں سوار کرایا گیا۔ جس کی تصدیق مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے بھی کی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ایئر ایمبولینس میں لفٹر کے ذریعے اٹھا کر سوار کیا جارہا ہے۔

مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کے مطابق  وزیراعظم کہتے ہیں کہ نوازشریف کو سیڑھیاں چڑھتے دیکھا لیکن نوازشریف کو لفٹرکے ذریعے جہاز میں بٹھایا گیا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا وزیرِاعظم عمران خان  کو شوکت خانم کے ڈاکٹرزاور صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے بھی دھوکا دیا ہے؟

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان مسلسل میڈیا کو باخبر رکھتے ہیں، مگر لگتا ہے وزیراعظم بہت لاعلم ہیں۔