Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

محمد رضوان بیٹنگ کیلئے وکٹ پر آئے تو آسٹریلوی کپتان نے اُن سے کیا کہا؟

اپ ڈیٹ 21 نومبر 2019 12:46pm

برسبین: آسٹریلوی وکٹ کیپر اور کپتان ٹِم پین نے محمد رضوان کو غلط شاٹ مارنے پر اُکسانے کیلئے قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کا نام لیتے ہوئے اُن سے ہوٹنگ کی۔

گابا کے میدان میں آج سے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز ہوا ہے، جس میں ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم کو 75 رنز کا شاندار آغاز ملا تاہم 94 رنز تک پہنچتے پہنچتے آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بیٹنگ کیلئے کریز پر آئے۔

انہوں نے ابتداء میں دفاعی شاٹس کھیل کر وکٹ کا جائزہ لینا شروع کیا تاہم وکٹوں کے پیچھے کھڑے آسٹریلوی کپتان نے رضوان کو غلط شاٹ مارنے کیلئے اُکسانا شروع کردیا اور اُن کے ایک دفاعی شاٹ پر کہا کہ سرفراز ہوتے تو اس گیند پر سوئپ مارتے اور چوکا ہوجاتا۔

انہوں نے محمد رضوان کا دھیان بھٹکانے کیلئے یہ بھی کہا کہ آپ کے پاس سے بہت اچھی خوشبو آرہی ہے، ویڈیو دیکھئے۔

پاکستانی ٹیم پہلے روز ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے 240 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، قومی ٹیم کی جانب سے اسد شفیق نے 76، کپتان اظہر علی نے 39، محمد رضوان نے 37، شان مسعود 27 اور یاسر شاہ 26 رنز بناسکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 4، پیٹ کمنز نے 3، جوش ہیزل وُڈ نے 2 اور نیتھن لائن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ محمد رضوان کو جس گیند پر آؤٹ قرار دیا اس پر شکوک و شبہات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ اور فاسٹ بولر بریٹ لی کا بھی یہ خیال ہے کہ اُسے امپائرز کی جانب سے 'نوبال' قرار دیا جانا چاہیئے تھا۔