Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

اداکارہ علیزے شاہ کو شادی کیلئے 5 ہزار تولہ سونے کی پیشکش

اپ ڈیٹ 20 نومبر 2019 04:31pm

آئی ایس پی آر اور ایم ڈی پروڈکشن کی مشترکہ پیشکش ڈرامہ سیریل 'عہدِوفا' کی اداکارہ علیزے شاہ کو شادی کیلئے نواب خاندان کے چشم و چراغ شکیل عباسی نے 5 ہزار تولہ سونے کی پیشکش کردی۔

ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں نواب خاندان کے چشم و چراغ شکیل عباسی کہہ رہے ہیں کہ مجھے ڈرامہ سیریل 'عہدِوفا' کی 'دعا' بہت پسند آئی ہیں اور اگر وہ شادی کی پیشکش قبول کریں تو میں اُنہیں 5 ہزار تولہ سونا دوں گا۔

شکیل عباسی (جن کی عمر 60 سال ہے) کا تعلق نواب صادق محمد خان عباسی کے خاندان سے ہے، انہیں اب تک کوئی لڑکی پسند نہیں آئی تھی اور اسی وجہ سے شادی نہیں کی تاہم اب انہیں علیزے شاہ پسند آئی ہیں اور انہوں نے شادی کی خواہش کا اظہار کردیا۔

ان سے سوال کیا گیا کہ آپ کی علیزے شاہ کی عمر میں زمین آسمان کا فرق ہے تو انہوں نے کہا کہ دل کی بات ہوتی ہے عمر کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

اس وقت ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 86 ہزار روپے کے آس پاس ہے اور 5 ہزار تولہ سونے کی قیمت کا اندازہ لگایا جائے تو یہ 43 کروڑ روپے کے لگ بھگ بنتی ہے۔

ان کا مزید کیا کہنا ہے؟ ذیل میں دی گئی ویڈیو ملاحظہ کریں۔