Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

واٹس ایپ پر آنے والی یہ ایک ویڈیو بڑا نقصان پہنچا سکتی ہے

شائع 20 نومبر 2019 05:37am
سائنس

اگر آپ نے اپنی واٹس ایپ ایپلی کیشن اپ ڈیٹ نہیں کی تو اسے فوراً اپ ڈیٹ کرلیں، کیونکہ پرانے ورژن میں ایک ایسی خامی سامنے آ گئی ہے کہ آپ بڑے نقصان سے دوچار ہو سکتے ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق انڈین کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم نے واٹس ایپ میں اس خامی کا سراغ لگایا ہے، جس کے ذریعے ہیکرز کمپرومائزڈ ایم پی 4 ویڈیو (Compromised MP4 video) فائل بھیج کر کسی بھی شخص کا واٹس ایپ ہیک کر سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ خامی واٹس ایپ کی آئی او ایس اور اینڈرائیڈ دونوں طرح کی ایپلی کیشنز میں موجود ہے۔ اس کے علاوہ جو فون ونڈوز 10 آپریٹنگ سسٹم پر چل رہے ہیں وہ بھی اس کا شکار ہو سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اینڈرائیڈ  V2.19.134 یا اس سے پرانے ورژن، واٹس ایپ بزنس فار اینڈرائیڈ کے  V2.19.44 اور اس سے پرانے ورژن، آئی او ایس پر  V2.19.51اور اس سے پرانے ورژنز میں یہ خامی موجود ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کے فون میں تاحال یہ ورژن چل رہے ہیں انہیں فوری طور پر ایپلی کیشن اپ ڈیٹ کر لینی چاہیے۔