Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسپتال کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے سینئر صحافی کی لاش برآمد

شائع 20 نومبر 2019 05:11am

راولپنڈی: نیو ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع ہولی فیملی اسپتال کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے سینئر صحافی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی لاش کی شناخت شفاعت شیخ کے نام سے ہوئی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ صحافی کی بیٹی ہولی فیملی میں داخل تھی اور وہ پارکنگ ایریا میں کھڑی اپنی گاڑی سے مختلف اخبارات کو جرائم سے متعلق خبریں اپنے لیپ ٹاپ پر بنا کر بھیجتے تھے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ صحافی بیٹی کی علالت کی وجہ سے پریشان تھے۔ گھریلو مسائل کی وجہ سے وہ کثرت شراب نوشی میں بھی مبتلا ہوگئے تھے۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مقتول کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود ہیں اور لاش 2  سے 3 دن پرانی ہے۔ پولیس کے مطابق اسپتال کے مرکزی دروازے پر تعینات سیکیورٹی گارڈ سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔ اسپتال میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد بھی حاصل کی جارہی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ورثا کی جانب سے پوسٹ مارٹم سے انکار کے بعد پولیس نے لاش ان کے حوالے کردی ہے۔