Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

بابر اعظم ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کے خطرناک ترین کھلاڑی قرار

شائع 19 نومبر 2019 02:35pm

آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے انہیں جمعرات سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کا خطرناک کھلاڑی قرار دے دیا۔

بابر اعظم اس وقت ایک روزہ بلے بازوں کی رینکنگ میں تیسرے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں پہلے نمبر پر ہیں مگر وہ اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے پورے رنگ میں نظر نہیں آسکے ہیں۔ تاہم پونٹنگ کا کہنا ہے کہ بابر آئندہ برسوں میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم نے اب تک بابر اعظم کا بیسٹ نہیں دیکھا ہے، 20 سے زائد میچز میں ان کی اوسط 35 ہے مگر وہ اس سے کافی بہتر کھلاڑی ہیں۔ ایک روزہ کرکٹ میں ان کی اوسط 54 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 90 ہے، وہ بہت بہت بہت کلاسی پلیئر ہیں'۔

کرکٹ ڈاٹ کام ڈاٹ اے ایم یو کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ 'بابر بہت شاندار ٹیلنٹ ہیں اور میں سب سے زیادہ انہیں حالیہ سیزن میں دیکھنے کا منتظر ہوں'۔

سابق آسٹریلوی کپتان نے مزید کہا کہ 'میں نے کئی آسٹریلین اور کیوی کھلاڑیوں کو دیکھا ہے لیکن میں ان کا کھیل دیکھنے کیلئے بے حد پُرجوش ہوں'۔

گزشتہ ہفتے بابر اعظم آسٹریلیا اے کیخلاف پریکٹس میچ میں 157 رنز کی اننگز کھیل کر اپنے ہنر کا لوہا منوا چکے ہیں۔ وہ 3 سال قبل بھی آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم میں شامل تھے جہاں انہوں نے نمبر 3 پر بیٹنگ کی تھی تاہم اتنا کامیاب نہیں رہ سکے تھے۔

رکی پونٹنگ نے کہا کہ بابر اعظم کی کامیابی کا راز یہ ہے کہ انہیں نئی گیند سے دور رکھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے 'جب انہیں آزمایا گیا تو اتنا کارگر ثابت نہیں ہوسکا تھا، جب آپ انہیں بیٹنگ کرتا دیکھتے ہیں تو وہ 35 کی اوسط سے کافی بہتر کھلاڑی ہیں'۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بابر اعظم کو آسٹریلیا میں نئی گیند سے دور رکھا جائے تو بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔