Aaj News

اتوار, دسمبر 29, 2024  
26 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹماٹر کو ملکی کرنسی ڈکلیئر کردیا جائے، سینٹیر مشتاق احمد

شائع 15 نومبر 2019 12:46pm

اسلام آباد: جماعت اسلامی کے سینٹیر مشتاق احمد نے ٹماٹر کو ملکی کرنسی ڈکلیئر کرنے کا کہہ دیا، بولے یہ ہو جائے تو ایک ڈالر میں دو ٹماٹر ملیں گے۔ عثمان کاکڑ نے 17 روپے کلو ٹماٹر کی منڈی بنی گالہ اور آئی ایم ایف میں ہونے کا کہا، اپوزیشن نے پی ایم ڈی سی کی تحلیل پر شدید مذمت کی۔

چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ اجلاس میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق نے پی ایم ڈی سی کی تحلیل اور نیا کمیشن بنانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیا کمیشن میڈیکل کے شعبہ کی تباہی کی وجہ بنے گا۔ پرائیویٹ میڈیکل کالجز کو فیسوں سے متعلق فری ہینڈ دیا گیا ہے۔

سینیٹر مشتاق احمد نے ایوان صدر کو آرڈیننس فیکٹری اور پارلیمنٹ کو آریڈیننس ڈپو کا درجہ دیا۔ ٹماٹر کی قیمت پر تبصرہ کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق بولے حکومت ٹماٹر کو کرنسی ڈیکلئیر کردے۔ ایک ڈالر کے دو ٹماٹر ملیں گے۔ حکومت معاشی طور پر مکمل ناکام ہوچکی ہے۔

عثمان کاکڑ نے کہا کہ 17 روپے کلو ٹماٹر صرف بنی گالا اور آئی ایم ایف کی منڈی سے ہی ملتے ہیں۔ سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ معشت بہتر ہورہی ہے۔ وہ دن دور نہیں جب ڈالر 140 کا ہوگا۔

سینیٹر کلثوم پروین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ موجود غیر منتخب افراد ان کی ناکامی کا باعث بن رہے ہیں۔

قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے بتایا کہ میڈیکل کا شعبہ غیر ذمہ دار افراد کے ہاتھ میں تھا، نئے تقاضوں کے مطابق ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام ضروری تھا ہم بل پر بحث کرنا چاہتے ہیں۔

پوائنٹ اسکورنگ نہیں کیونکہ پیپلزپارٹی کے دور میں 104 آرڈیننس جبکہ ن لیگ نے 46 آرڈیننس جاری کیے۔ چیئرمین سینیٹ نے اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا۔