Aaj News

اتوار, دسمبر 29, 2024  
26 Jumada Al-Akhirah 1446  

بنگلادیش: 2 مسافر ٹرینوں میں تصادم، 16 افراد جاں بحق

شائع 12 نومبر 2019 01:31pm

ڈھاکا: بنگلادیش میں دو مسافر ٹرینوں کے درمیان خونی تصادم ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 16  افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ٹرین چٹاگانگ اور دوسری ڈھاکا جارہی تھی کہ دونوں میں باہمن بیریا کے مقام پر مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 3 بجے تصادم ہوگیا۔

دونوں ٹرینیں آمنے سامنے سے ایک دوسرے سے ٹکرائیں جس کے نتیجے میں 16 مسافر موت کی نیند سوگئے جبکہ 40 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔

ان زخمیوں میں سے بیشتر مسافروں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ایک 50 سالہ مسافر محمد مسلم (جو اسی ٹرین میں سفر کر رہے تھے) نے بتایا کہ جب وہ ٹرین سے باہر آئے تو انہوں سر، ہاتھ اور ٹانگیں کٹی ہوئی لاشیں دیکھیں۔

انہوں نے بتایا کہ جس وقت یہ حادثہ پیچ آیا تو زیادہ تر مسافر سورہے تھے، ہم بھی موت کے بے حد قریب تھے مگر اللہ نے بچالیا۔

ایک اور مسافر نے بتایا کہ اچانک ایک شدید دھماکا محسوس ہوا اور ہر طرف چیخ و پکار پھیل گئی۔

واضح رہے کہ اب تک یہ سامنے نہیں آسکا کہ دونوں ٹرینیں ایک ٹریک پر کیسے آگئیں، حکومت نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔