بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کا عمران خان سے تعلق نکل آیا
امرتسر: کرتارپور صاحب گردوارہ سے واپسی پر پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ان کے خاندان کا کرکٹ کے حوالے سے پرانا تعلق ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کرتاپور کوریڈور کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ بس میں گردوارہ گئے۔ یہ سفر صرف پانچ منٹ کا تھا لیکن اس سے کچھ نئی باتیں سامنے آئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ یوں تو اس مختصر سفر کے دوران دونوں کے درمیان کرتارپور پر بات ہوئی، لیکن اس کے علاوہ کرکٹ کی پرانی یادوں کا بھی ذکر ہوا۔
دونوں کی پہلے کبھی نہ تو ایک دوسرے سے ملاقات رہی ہے اور نہ ہی دونوں ایک دوسرے کو ذاتی طور پر جانتے ہیں۔
لیکن اس موقع پر کیپٹن امریندر سنگھ نے عمران خان کو بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے خاندانوں کے درمیان کرکٹ کا ایک خاص تعلق ہے۔
کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ انہوں نے پاکستانی وزیر اعظم کو ان کے کرکٹ کے دنوں میں کھیلتے دیکھا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ عمران خان کے چچا نے سن 1934 اور 1935 کے دوران سنگھ کے والد کی کپتانی میں پٹیالہ اور انڈیا کے لیے کرکٹ کھیلا تھا۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق کیپٹن امریندر سنگھ نے انہیں بتایا کہ ان کے چچا جہانگیر خان نے محمد نثار، لالا امرناتھ، تیز گیند باز امر سنگھ اور بلے باز وزیر علی اور امیر علی کے ساتھ پٹیالہ کے لیے کرکٹ کھیلا تھا۔ یہ ساتوں کھلاڑی کیپٹن امریندر سنگھ کے والد یادویندر سنگھ کی کپتانی والی ٹیم میں شامل تھے، جو اس وقت پٹیالہ ریاست کے مہاراجہ تھے۔
Comments are closed on this story.