Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

لڑکیاں اوپر سے اور لڑکے نیچے کیمرا رکھ کر سیلفی کیوں لیتے ہیں؟

شائع 12 نومبر 2019 06:06am

موجودہ نسل کے سر پر سیلفی کا جنون سوار ہوچکا ہے، سوشل میڈیا کا دور اپنے عروج پر ہے اور تقریباً ہر شخص ضرور اپنی سیلفی لیتا اور اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتا ہے۔

لیکن کیا  کبھی آپ نے غور کیا کہ لڑکیاں اکثر سیلفی لیتے وقت اپنا موبائل فون چہرے سے اوپر کرکے سیلفی لیتی ہیں، جبکہ لڑکے بالکل سامنے سے یا پھر تھوڑا نیچے کیمرہ اینگل کے ساتھ سیلفی لیتے ہیں۔ ایسا کیوں ہے؟

کینیڈین سائنس دانوں نے لڑکے اور لڑکیوں کے سیلفی لینے کے انداز میں اس فرق کی وضاحت کردی ہے۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ لڑکے نیچے سے (پیٹ کے سامنے موبائل فون رکھتے ہوئے) اس لیے سیلفی لیتے ہیں کیونکہ اس طرح سیلفی میں وہ دراز قد اور طاقتور معلوم ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس لڑکیاں سر کے اوپر سے اس لیے سیلفی لیتی ہیں کیونکہ وہ چہرے کے تمام عوارض کو واضح طور پر دکھانا چاہتی ہیں اوراپنا موٹاپا چھپانا چاہتی ہیں۔

کینیڈا کی یونیورسٹی آف سسکیچوان کے سائنس دانوں نے اپنی اس تحقیق میں ڈیٹنگ ایپلی کیشن ٹنڈر کے 900 سے زائد صارفین کی سلیفیز کا تجزیہ کرکے یہ نتائج مرتب کیے ہیں۔

تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر جینی مک کارٹنے کا کہنا تھا کہ ہم نے جتنے لوگوں کا ڈیٹا حاصل کیا ان میں سے 40 فیصد لڑکے نیچے سے اوپر کی طرف سے سیلفی لیتے تھے۔

لڑکیوں میں اس طرح سیلفی لینے کی شرح صرف 16 فیصد تھی۔ اس کے برعکس 25 فیصد لڑکیاں اوپر کی طرف سے سیلفی لیتی تھیں اور اس انداز سے سیلفی لینے والے لڑکوں کی شرح بھی صرف 16 فیصد تھی۔

محققین کا کہنا ہے کہ جتنے صارفین کا ڈیٹا ہم نے حاصل کیا ان میں سے تقریباً آدھے چہرے کے سامنے سے سیلفی لیتے تھے۔