Aaj News

اتوار, دسمبر 29, 2024  
26 Jumada Al-Akhirah 1446  

دولہا نے شادی حال میں خودکشی کرلی، کہرام مچ گیا

شائع 11 نومبر 2019 06:04pm

حیدرآباد دکن: شادی کو انسان کی زندگی کا سب سے بڑا اور خوشی والا دن تصور کیا جاتا ہے تاہم بھارت میں ایک سافٹ ویئر انجینئر نے اپنی شادی والے دن ہی خودکشی کرلی جس کی وجہ سے شادی کے گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ این ایس سندیپ نامی 21 سالہ سافٹ ویئر انجینئر نے اپنی شادی والے دن ہال کے میک اپ روم میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔

واقعے سے قبل شادی ہال میں معمول کی طرح جشن کا سماں تھا، دولہا اور دلہن دونوں کے گھر والے اور مہمانوں سے گہما گہمی عروج پر تھی تاہم یہ جشن کا سماں اچانک سوگ میں تبدیل ہوگیا۔

سندیپ کی شادی کا مہورت 11 بج کر 35 منٹ پر تھا اور اسی لئے اہل خانہ منڈپ میں اس کا انتظار کررہے تھے، وقت گزرتا جارہا تھا تو لوگوں نے جاکر دروازہ کھٹکھٹایا، اندر سے کوئی جواب نہ آیا تو اہل خانہ اور مہمان تشویش میں مبتلا ہوگئے اور دروازہ توڑ دیا گیا۔

میک اپ روم کا دروازہ ٹوٹتے ہی قیامت برپا ہوگئی کیونکہ وہاں سندیپ پنکھے سے لٹکا ہوا، دولہے کو پنکھے سے اتار کر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کی اور بتایا کہ اسے مرے ہوئے دو گھنٹے گزرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک خودکشی کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔