Aaj News

اتوار, دسمبر 29, 2024  
27 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹماٹروں کی قیمت سے متعلق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا انوکھا دعویٰ

شائع 11 نومبر 2019 04:44pm

اسلام آباد: مشیرخزانہ حفیظ شیخ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ کراچی میں ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہیں۔

ملک بھر میں ٹماٹر کے دام ایسے بے لگام ہوئے کہ ٹرپل سینچری بھی کراس ہوگئی اور قیمت آسمان پر پہنچ گئی، تاہم مشیر خزانہ حفیظ شیخ ان تمام چیزوں سے لاعلم ہیں اور انہوں نے انوکھا دعویٰ کردیا کہ کراچی میں ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہیں۔

چند روز پہلے 30 سے 40 روپے فی کلو ملنے والے ٹماٹر آج ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ٹرپل سنچری بھی کراس کرچکا ہے جبکہ پنجاب اسمبلی میں ٹماٹر کی قیمت 400 روپے فی کلو ہونے پر قرارداد بھی جمع ہوچکی ہے۔

ٹماٹر کی قیمتیں سُن کر شہریوں کے چہرے زرد پڑگئے، مہنگا ٹماٹر بیچنے والے دکاندار بھی پریشان ہیں۔ قیمتیں اوپر جانے کی وجہ طلب اور رسد کا فرق ہے جو اب ٹماٹر کی نئی فصل آنے پر ہی کم ہوسکے گا۔

تاہم مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے ٹماٹر کے ریٹ کے حوالے سے انوکھا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ لوگ جھوٹ بول رہے ہیں،  کراچی میں ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہے اور یہ ریٹ کراچی کی سبزی منڈی میں مل رہے ہیں۔