Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
26 Jumada Al-Akhirah 1446  

مقبوضہ کشمیر: لاک ڈاون 99 وے روز میں داخل، چوبیس گھنٹے میں دو نوجوان شہید

اپ ڈیٹ 11 نومبر 2019 03:00pm

مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاون کو ننانوے روز ہوگئے ہیں اور بھارتی فورسز نے دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں ایک اور نوجوان کو شہید کردیا ہے جس کے بعد گزشتہ چوبیس گھنٹے میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد دو ہوگئی ہے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بانڈی پورہ کے علاقے لاڈورا میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران ایک نوجوان کو شہید کردیا ، گزشتہ رات بھی اسہی علاقے میں آپریشن کے دوران ایک شخص کو شہید کیا گیا تھا، اطلاعات کے مطابق یہ آپریشن تاحال جاری ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ وادی میں پانچ اگست کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتم کے بعد بھارتی فوج کے لاک ڈاون کے باعث جموں اور لداخ کے مسلم اکثریتی علاقوں میں روزمرہ زندگی تاحال مفلوج ہے ، وادی میں موبائل، انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس پر تاحال پابندی ہے۔ وادی کے عوام کی جانب سے خاموش احتجاج کے طور پر تاجروں نے بھی اپنی دکانیں تاحال بند رکھی ہوئی ہیں۔ جبکہ اسکولوں اور آفسز میں بھی حاضری نہ ہونے کے برابر ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں سے غائب ہے۔

لاک ڈاون کے باعث وادی میں زندگی بچانے والی ادویات کی شدید قلت ہے اور کینسر ، اور دل کے مریضوں کیلئے بھی ادویات مفقود ہوگئی ہیں ۔

ادھر تامل ناڈو کی اپوزیشن جماعت ڈی ایم کے نے جنرل کونسل اجلاس میں  مقبوضہ کشمیر کی حمایت اور مودی سرکار کے پانچ اگست کے اقدام کیخلاف قرارداد منظور کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ نئی دہلی وادی کے عوام کی حساسیت کو محسوس کرے ۔