Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

دیوی دیوتاؤں کو فضائی آلودگی سے بچانے کیلئے ماسک پہنا دیئے گئے

شائع 11 نومبر 2019 06:32am

واراناسی: بھارت میں  بڑھتی فضائی آلودگی نے شہریوں کو مختلف بیماریوں کا شکار بنا دیا ہے، جبکہ نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ پنڈتوں کو خدشہ ہے کہ کہیں بھگوان بھی اس آلودگی کے باعث بیمار نہ ہوجائیں۔

واراناسی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا حلقہ انتخاب ہے، جہاں مندر کے پنڈت نے دیوی دیوتاؤں کو فضائی آلودگی سے بچانے کے لیے  چہروں پر ماسک پہنا دیئے ہیں۔

 ریاست اتر پردیش کے ایک مندر میں رکھے ہوئے شنکر دیوتا اور ان کی دیویاں پاروتی، درگا اور کالی ماتا سمیت سائیں بابا کی مورتیاں بھی ماسک پہنے ہوئے ہیں جس سے ان کا منہ اور ناک ڈھکا ہوا ہے۔

 ایک پنڈت ہریش مشرا نے میڈیا کو بتایا کہ فضا میں زہریلے مواد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس سے محفوظ رکھنے کے لیے ہم دیوی دیوتاؤں کو ماسک پہنانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

پنڈت پریش مشرا نے مزید انکشاف کیا کہ سردیوں میں ہم ان مورتیوں کو کمبلوں سے ڈھانپ دیتے ہیں تاکہ سخت سردی سے محفوظ رہیں۔ ماسک پہنے ان دیوی دیوتاؤں کی وجہ سے مندر میں لوگوں کی آمد میں اضافہ ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی تنظیموں کی جانب سے بھارتی شہر دنیا کے آلودہ ترین شہر قرار دیئے جاچکے ہیں جہاں ہر شخص اپنے منہ پر ماسک لگائے فضائی آلودگی کے مضر اثرات سے بچنے کی کوششوں میں ہے، حکومت کی جانب سے بھی فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔