Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹرمپ کے بعد ایک اور امریکی ارب پتی صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل

شائع 10 نومبر 2019 04:33am

واشنگٹن: امریکا میں معروف ارب پتی کاروباری شخصیت مائیکل بلومبرگ نے جمعے کے روز سرکاری طور پر امریکی صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ وہ 12 برس نیویارک کے میئر رہ چکے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بلومبرگ نے الاباما ریاست میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی پیش کیے ہیں۔

اس سے قبل بلومبرگ نے اعلان کیا تھا کہ وہ سابق نائب صدر جو بائیڈن کے مواقع ختم ہونے تک خود کو نامزد نہیں کریں گے۔

ایک امریکی روزنامے نے بلومبرگ کے مقرب ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا تھا کہ بلومبرگ یہ سمجھتے ہیں کہ "بائیڈن کی پوزیشن کمزور ہے جب کہ بیرنی سینڈرز اور الزبتھ وارن کی جیت ممکن نہیں"۔

امریکی جریدے فوربز کی سالانہ درجہ بندی کے مطابق مائیکل بلومبرگ تقریباً 55.5 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 9 ویں نمبر پر ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ارب پتی مائیکل بلومبرگ کے بارے میں ازراہ مذاق یہ کہا تھا کہ نیویارک کا میئر جیت کے لیے مطلوب "سحر" سے محروم ہے۔