استعفیٰ کا مطالبہ غیر آئینی ہے، سنجیدہ مذاکرات کیے جائیں، عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے مذاکراتی کمیٹی کو اپوزیشن سے مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے کہا کہ استعفیٰ کا مطالبہ غیر آئینی ہے، سنجیدہ مذاکرات کیے جائیں۔ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پہلے بھی تیار تھے اب تیار ہیں۔
وزیراعظم عمران خان سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیرداخلہ اعجاز شاہ اور بابر اعوان بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
اپوزیشن کے احتجاج اور مطالبات کے حوالے سے آئینی اور انتظامی امور پر بھی بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو حکومتی حکمت عملی اور انتظامی اقدامات سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے وزیراعظم کو بتایا کہ احتجاج جمہوری حق ہے حکومت کو اس سے خطرہ نہیں، خطرہ ہوتا تو دھرنے والوں کو اسلام آباد نہ آنے دیا جاتا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی مذاکراتی کمیٹی کو اپوزیشن سے مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ استعفیٰ کا مطالبہ غیر آئینی ہے، سنجیدہ مذاکرات کیے جائیں۔ اپوزیشن کے ساتھ آئینی دائرے میں رہتے ہوئے بامقصد مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن کو کھلے دل سے احتجاج کی اجازت دی۔ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پہلے بھی تیار تھے اب تیار ہیں۔ حکومت نے جمہوری روایات کے مطابق اپوزیشن کو احتجاج کا حق دیا۔ ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی کی وزیراعظم سے ملاقات سے قبل پرویز الہی اور وزیراعظم کے درمیان ون ان ون ملاقات بھی ہوئی۔
چوہدری پرویز الہی نے مولانا فضل الرحمان کے ملاقاتوں کی تفصیل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
Comments are closed on this story.