Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹک ٹاک بنانے والی کمپنی کا نیا شاہکار متعارف، آتے ہی دھوم مچا دی

شائع 07 نومبر 2019 05:59am
سائنس

بیجنگ: ٹک ٹاک ایپلی کیشن بنانے والی چینی کمپنی "بائیٹ ڈانس" نے اپنا ایک اور شاہکار متعارف کروا دیا ہے، جسے "جیانگو پرو 3" نام دیا گیا ہے اور یہ اسمارٹیسن برانڈ کے تحت لانچ کیا گیا ہے۔

چینی کمپنی کی جانب سے رواں برس مئی میں اس بات کا اظہار کیا گیا تھا کہ وہ ایک اسمارٹ فون متعارف کروانے کی خواہش رکھتی ہے اور جولائی میں اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ کمپنی سال کے آخر تک فون متعارف کرائے گی۔

جس پر عمل کرتے ہوئے چینی کمپنی نے اپنا پہلا فون متعارف کروادیا۔ اس اسمارٹ فون کو ابتدائی طور پر چین میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

اس اسمارٹ "نٹ پروتھری" کو چینی زبان میں جیانگو پرو تھری فون کا نام دیا گیا ہے اور اس پہلےموبائل کو مختلف ورژنز میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ 48 میگا پکسل کیمرے سے لیس جیانگو پرو تھری فون میں 256 جی بی تک اسٹوریج کی صلاحیت موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق صارفین لاک اسکرین کو حرکت دے کر ڈوئین یعنی ٹک ٹاک کا چینی ورژن لانچ کرسکیں گے۔ اس طرح وہ کسی بھی ویڈیو میں ٹِک ٹوک ایفیکٹس اور فلٹرز بھی اپلائی کرسکیں گے۔

فون کو خصوصیات کے لحاظ سے دیکھا جائے تو جیانگو پرو 3 میں 6.39 انچ کا فل ایچ ڈی + ایمولیڈ ڈسپلے موجود ہے۔ یہ کوالکوم کے اسنیپ ڈریگن 855+ پروسیسر پر چلتا ہے اور اس میں 4000 ایم اے ایچ کی بیٹری ہے۔

فوٹو گرافی کے لیے بیک پر 48 میگا پکسل  کا سونیIMX586 سینسر ، 13 میگا پکسل  زاویے کا وسیع لینس اورایک 8 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس ہے۔ سیلفیز کے لے 20 میگا پکسل کا فرنٹ کیمرا موجود ہے۔ سافٹ وئیر کے لحاظ سے جیانگو پرو 3 اینڈرائیڈ پر مبنی اسمارٹسان او ایس 7 پر چلتا ہے۔ اس میں 4 جی ایل ٹی ای ، بلیوٹوتھ 5.0 ، اور یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ بھی شامل ہے۔

اس اسمارٹ فون کی ابتدائی قیمت 2899 یوآن رکھی گئی ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ ٹک ٹاک بنانے والی کمپنی کا یہ موبائل صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلے گا۔