Aaj News

اتوار, دسمبر 29, 2024  
26 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارتی گائے ہماری ماں اور غیرملکی گائے ہماری خالہ ہے، بی جے پی رہنما

شائع 06 نومبر 2019 03:15pm

بھارتی ریاست بنگال میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر دلیپ گھوش کا کہنا ہے کہ بھارتی گائے ہماری ماں اور غیرملکی گائے ہماری خالہ ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی بنگال کے صدر نے ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انوکھی منطق پیش کی اور غیرملکی گائے کو اپنی خالہ قرار دے دیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کئی متنازع باتیں بھی کہیں اور کہا کہ گائے کا گوشت کھانے والوں کو کتے کا گوشت بھی کھانا چاہیئے کیونکہ یہ ان کی صحت کیلئے ایک جیسا ہی ہے۔

دلیپ گھوش نے یہ بھی کہا کہ بھارت کی گائے کے دودھ میں سونا ہے جس پر انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب ٹرال کیا جارہا ہے۔ ذیل میں کچھ ٹویٹس ملاحظہ کریں۔

اپنے خطاب میں انہوں نے بھارتی گائیوں کی کئی خصوصیات گنوائیں، کہا کہ ہماری بھارتی گائے کی ایک خاصیت ہے کہ ان کے دودھ میں سونے کے ذرات شامل ہیں، اسی وجہ سے ان کے دودھ کا رنگ سنہرا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی گائیوں کے خون کی رگیں سورج کی روشنی کی مدد سے سونا پیدا کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

بی جے پی کے صدر نے انوکھی منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ گائے کے جو بچے ہم بیرون ملک سے لاتے ہیں وہ جانور کی طرح ہیں اور غیر ملکی گائے کے بچے گائے کی طرح نہیں ہیں، اس لئے وہ ہماری گاؤ ماتا نہیں  لہٰذا غیر ملکی گائیں ہماری مائیں نہیں لیکن آنٹیاں یا خالائیں ہیں۔

انہوں نے بھارتی سرزمین پر گوشت کے لئے گائے کا قتل سب سے بڑا جرم بھی قرار دیا۔