Aaj News

اتوار, دسمبر 29, 2024  
26 Jumada Al-Akhirah 1446  

فخر زمان اور آصف علی انتہائی ناقص کارکردگی کے باوجود ٹیم کا حصہ

شائع 05 نومبر 2019 06:12pm

پاکستان کے اوپننگ بلے باز فخر زمان اور پاور ہٹر آصف علی کی انتہائی ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، دونوں بلے باز گزشتہ کافی عرصے سے مسلسل ناکام ہورہے ہیں تاہم انہیں پھر بھی مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔

ان دنوں قومی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے میں مصروف ہے جہاں سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد دوسرے میچ میں کینگروز نے شاہینوں کو 7 وکٹوں سے باآسانی شکست دی۔

اس میچ میں پاکستان کے اوپننگ بلے باز گزشتہ کئی میچز کی طرح ایک بار پھر ابتداء میں ہی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 7 گیندوں پر محض 2 رنز اسکور کئے اور کمنز کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔

انہوں نے اپنی گزشتہ 10 اننگز میں 8 اعشاریہ 50 کی اوسط سے محض 85 رنز اسکور کئے، اور اگر گزشتہ 5 اننگز پر نظر ڈالی جائے تو انہوں نے محض 3 کی اوسط سے 15 رنز اسکور کئے ہیں۔

اس کے علاوہ اگر جارح مزاج بلے باز آصف علی کی بات کی جائے تو انہوں نے اپنی گزشتہ 10 اننگز میں 10 اعشاریہ 55 کی اوسط سے محض 95 رنز اسکور کئے ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ ان دونوں کھلاڑیوں کو کب تک مواقع دیئے جاتے رہیں گے۔