Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

کیوی وزیراعظم کی 2 منٹ کی ویڈیو دنیا بھر میں وائرل

شائع 05 نومبر 2019 07:35am

کیوی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کو ایک بار پھر عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے۔ اس کی وجہ ایک دو سے ڈھائی منٹ کی ویڈیو ہے جس نے دنیا کی ایک مقبول ترین خاتون وزیر اعظم کی مقبولیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔

جیسنڈا آرڈرن کی حکومت کو 2 سال مکمل ہورہے ہیں اور اس موقع پر ان کی ٹیم نے کیوی وزیراعظم کا ایک چھوٹا سا چیلنج دیا۔

انہیں گزشتہ 2 برس کی حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد اور کامیابیوں کی فہرست صرف 2 منٹ میں ایک ویڈیو میں بیان کرنے کا کہا گیا۔

کیوی وزیراعظم نے اس چیلنج کو پورا کیا، حالانکہ انہیں مقررہ وقت سے اوپر 30 سیکنڈ لگے مگر یہ ویڈیو اب پاکستان سمیت دنیا بھر میں وائرل ہوچکی ہے جس پر 13 ہزار سے زائد بار ری ٹوئٹ، 37 ہزار سے زائد لائکس اور ہزاروں کمنٹس ہوچکے ہیں۔ جبکہ فیس بک پر ہزاروں ری ایکشن الگ ہیں۔

جیسنڈا آرڈرن نے ویڈیو میں بتایا کہ 2 سال میں ان کی حکومت نے 92 ہزار ملازمتیں پیدا کیں، 14 کروڑ درختوں کو لگایا گیا، اسکولوں میں مفت لنچ پروگرام شروع ہوا، پولیس، نرسوں اور اساتذہ کی تنخواہوں کو بڑھایا گیا، کینسر کے علاج کے لیے زیادہ ریڈی ایشن مشینیں فراہم کی گئیں، 50 ہزار سے زائد افراد کو سستے ڈاکٹروں کی سہولت دی گئی، کم از کم تنخواہ میں اضافہ، ایک لاکھ طالب علموں کے لیے اسکولوں میں مزید کلاس روم تعمیر ہوئے اور بیرزگاری کی شرح کو 11 سال کی سب سے کم شرح پر لایا گیا۔

یہ فہرست یہاں ختم نہیں ہوتی بلکہ یہ تو وہ اقدامات ہیں جو انہوں نے ویڈیو کے اولین 30 سیکنڈ میں بیان کیے، انہوں نے اقدامات کی طویل فہرست کا سلسلہ سانس لیے بغیر مزید ڈیڑھ منٹ تک جاری رکھا۔

درحقیقت یقین کرنا مشکل ہے کہ 2 سال میں کوئی حکومت اتنا کام بھی کرسکتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ مختصر ویڈیو دنیا بھر میں وائرل ہوئی۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے مساجد پر حملے کے بعد حجاب اور اسلامی لباس پہن کر مسلمان خواتین سے تعزیت کرنے سمیت ان کے ساتھ وقت بھی گزارا تھا۔

اس دوران جسینڈاآرڈرن کی حجاب کے ساتھ کھینچی گئی تصاویر دنیا بھر میں وائرل ہوگئی تھیں اور انہیں مذہبی ہم آہنگی کا ہیرو قرار دیا گیا تھا۔

جیسنڈا آرڈرن مساجد پر حملے کے بعد اسلامی لباس اور حجاب پہن کر دارالحکومت ویلنگٹن کے کلبرنی مسجد بھی پہنچی تھیں، جہاں وہ باحجاب مسلم خواتین سے گلے ملی تھیں اور اسی دوران ان کی کھینچی گئی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

اس تصویر کا نیوزی لینڈ کے پڑوسی ملک آسٹریلیا میں 80 فٹ لمبا "میورل" بنا کر جیسنڈاآرڈرن کو منفرد اعزاز بخشا گیا۔ اسی تصویر کو دنیا کی سب سے بلند عمارت دبئی کی برج خلیفہ پر بھی سجایا گیا تھا۔