Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

چوہدری شوگر مل کیس، مریم نواز کی ضمانت منظور

اپ ڈیٹ 04 نومبر 2019 01:39pm

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری شوگر مل کیس میں مریم نواز کی ضمانت پر فیصلہ سنا دیا، مریم نواز کی ضمانت منظور کر لی گئی۔

جسٹس علی باقر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے چوہدری شوگر ملز کیس کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے ضمانت کے عوض ایک، ایک کروڑ کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

نیب نے مریم نواز کو 8 اگست کو اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کے دوران کوٹ لکھپت جیل سے گرفتار کیا تھا جب کہ چوہدری شوگر ملز کیس میں ان کے کزن یوسف عباس بھی گرفتار ہیں۔

خیال رہے کہ مریم نواز نے 24 اکتوبر کو والد نواز شریف کی تیمار داری کے لیے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے 31 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔

نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ نے مریم نواز کی ضمانت کی مخالفت کی تھی جب کہ امجد پرویز ایڈوکیٹ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ضمانت دینے کی استدعا کی تھی۔