Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

رابی پیرزادہ کی خودکشی، خبروں پر والد کا بیان

شائع 03 نومبر 2019 04:23am

لاہور: گلوکارہ رابی پیرزادہ کے والد ہمایوں پیرزادہ نے بیٹی کی خود کشی سے متعلق بیان جاری کیا ہے۔

رابی پیرزادہ کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی نازیبا اور غیر اخلاقی ویڈیوز نے تہلکہ مچادیا تھا اور دیکھتے ہی دیکھتے ٹوئٹر پر بھی ٹاپ ٹرینڈ بن گیا تھا، جس کے بعد وہ سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آگئیں۔

کئی صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ بہت سے لوگ ان کی حمایت میں آگے بھی آئے۔

رابی پیرزادہ نے اپنی لیک ہونے والی ویڈیوز کے خلاف فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے سائبر کرائم ونگ لاہور میں تحقیقات کی درخواست دائر کی جس پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے گلوکار ہ کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کیے جانے کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔

تاہم اب رابی پیر زادہ کی سوشل میڈیا پر خودکشی کی خبریں زیر گردش ہیں جس پر گلوکارہ کے والد ہمایوں پیرزادہ نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ رابی بالکل ٹھیک ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وائرل ہونے والی ویڈیوز پر رابی پیرزادہ نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنے موبائل فون میں کچھ خرابی آنے کے باعث اسے ٹھیک کرنے کے لیے دیا تھا اور کسی نے ان کے موبائل فون سے ان کی ویڈیوز اورتصاویر چرا کر انہیں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا تھا۔