Aaj News

بدھ, جنوری 01, 2025  
01 Rajab 1446  

رابی پیرزادہ کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی درخواست

شائع 02 نومبر 2019 12:13pm

کراچی: پاکستان کی معروف گلوکارہ رابی پیرزادہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر نازیبا ویڈیوز وائرل ہونے کی وجہ سے ٹاپ ٹرینڈ بنی ہوئی تھیں، تاہم اب انہوں نے اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے والوں کیخلاف ایف آئی اے سے رجوع کرتے ہوئے کارروائی کیلئے سائبر کرائم ونگ کو درخواست دے دی۔

گلوکارہ آئے روز کسی نہ کسی وجہ سے خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں تاہم 2 روز قبل ان کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس پر اب انہوں نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو کارروائی کیلئے درخواست دے  دی ہے۔

درخواست میں گلوکارہ نے کہا ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ ان قابل اعتراض ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر کس نے اپ لوڈ کیا ہے۔

رابی پیرزادہ کی درخواست پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے بتایا کہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ وہ پیر کے روز فیس بک انتظامیہ کو خط لکھیں گے اور ان سے کہیں گے کہ وہ ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے کی معلومات شیئر کریں۔

واضح رہے کہ رابی پیرزادہ ان دنوں سانپوں اور مگر مچھوں کے ساتھ ویڈیو اپلوڈ کرنے پر تحقیقات کا سامنا کررہی ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر نازیبا ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ایک ٹویٹ میں اپنے مداحوں سے درخواست کرتے ہوئے اور لکھا ہے کہ ''جو بندہ دنیا میں کسی بندے کی پردہ پوشی کریگا اللہ عزوجل قیامت کے دن اس کی پردہ پوشی فرمائے گا۔''

انہوں نے اپنی اس ٹویٹ میں "SaveaSoul" ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔