Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

دورانِ حمل پیراسیٹامول کے استعمال کا خطرناک نقصان

نیویارک: پیراسیٹامول کا استعمال ہر گھر میں ہوتا ہے۔ تکلیف چھوٹی ہو یا بڑی، اگر آپ پاکستانی ہیں تو آپ کے علاج کی...
شائع 02 نومبر 2019 07:19am

نیویارک: پیراسیٹامول کا استعمال ہر گھر میں ہوتا ہے۔ تکلیف چھوٹی ہو یا بڑی، اگر آپ پاکستانی ہیں تو آپ کے علاج کی شروعات پیراسیٹامول سے ہی ہوتی ہے۔ ہم لوگ معمولی درد یا تھکاوٹ کی صورت میں بھی اس کا بے دریغ استعمال کرتے ہیں۔

تاہم اب سائنس دانوں نے حاملہ خواتین کے لیے اس گولی کا ایک انتہائی خطرناک نقصان بتا دیا ہے۔

میل آن لائن کے مطابق سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ پیراسیٹا مول جسے ٹائیلینول  (Tylenol)اور اسیٹامینوفین  (Acetaminophen)بھی کہا جاتا ہے، ماں کے پیٹ میں پرورش پاتے بچوں کے لیے انتہائی نقصان دہ ہوتی ہیں۔

جو مائیں دوران حمل یہ گولی کھاتی ہیں ان کے پیٹ میں موجود بچوں کو اے ڈی ایچ ڈی اور آٹزم جیسی بیماریوں اور دیگر معذوریوں میں مبتلا ہونے کا خطرہ دو گنا بڑھ جاتا ہے۔

اس تحقیق میں جانز ہاپکنز یونیورسٹی بلومبرگ اسکول آف پبلک ہیلتھ کے سائنس دانوں نے سینکڑوں حاملہ خواتین کے پیٹ میں پرورش پاتے بچوں کی "امبیلیکل کورڈ" (Umbilical Cord)سے خون کے نمونے لیے اور ان میں پیراسیٹامول کی موجودگی کا پتا چلایا۔

بعد ازاں ان کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں کی صحت کے ساتھ ان کا موازنہ کیا گیا۔ جس میں پتا چلا کہ جن کے امبیلیکل کورڈ میں پیراسیٹامول پائی گئی تھی ان میں سے کئی بچے ماں کے پیٹ میں ہی نشوونما کے بگاڑ کا شکار ہو گئے تھے۔

اس کے علاوہ ان میں آگے چل کر اے ڈی ایچ ڈی اور آٹزم سمیت دیگر کئی بیماریوں میں مبتلا ہونے کا خطرہ بھی دوسرے بچوں کی نسبت دوگناہ زیادہ تھا۔