Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

امریکی ایوان نمائندگان: سلطنت عثمانیہ کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

شائع 30 اکتوبر 2019 04:35pm

 

 

امریکی ایوان نمائندگان  میں سلطنت عثمانیہ کیخلاف آرمینیائی باشندوں کے قتل و عام پر مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔

امریکی ایوان نمائندگان میں سلطنت عثمانیہ کیخلاف قرارداد پیش کی گئی، قرار داد کے مطابق   انیس سو پندرہ سے لے کر انیس سو تئیس کے درمیان 15 لاکھ سے زائد آرمینیائی  شہریوں کا  سلطنت عثمانیہ  میں قتل عام کیا گیا تھا ، قرارداد میں مطالبہ کیا تھا کہ سلطنت عثمانیہ کو اسکا  مرتکب ٹھہرا یا جائے ۔

امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد کی حمایت میں 405 ووٹ جبکہ مخالفت میں صرف 11 ووٹ پڑے۔

اس حوالے سے کوششیں گزشتہ انیس برس سے جاری تھیں کہ آرمینیاوں کی نسل کشی پر ترکی کیخلاف مذمتی قرار داد منظور کی جاسکےتاہم پہلے یہ کوششیں کسی نہ کسی وجہ سے ناکامی کا شکار ہوجاتی تھیں  لیکن اب اس قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ہے۔

ترکی کا موقف ہے کہ پہلے آرمینیائی باشندوں نے آزری مسلمانوں کا قتل عام کیا تھا جس کے بعد یہ لوگ آذر بائیجان نقل مکانی کرگئے تھے اور پھر انہوں نے ترکی پر قبضے کی کوشش کی تھی ، جنگ عظیم اول میں آرمینیائی باشندے مغربی ممالک کے حامی تھی ۔

اسکے علاوہ قرارداد میں کردوں کیخلاف فوجی کارروائی پر بھی ترکی کیخلاف پابندی کی سفارش کی گئی ہے۔

دوسری جانب ترکی نے امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ، ترک صدر طیب اردگان بھی اس حوالے سے جلد اپنے ردعمل کا اظہار کریں گے ۔

واضح رہے کہ کردوں کیخلاف فوجی کارروائی پر ترکی اور امریکا کے درمیان بھی شدید اختلاف پائے جاتے ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ نے پہلے ہی ترکی پر پابندیاں لگانے کا اعلان کیا تھا۔ جس کےبعد اب یہ قرارداد بھی امریکی ایوان نمائندگان میں منظور کی گئی ہے۔