Aaj News

اتوار, دسمبر 29, 2024  
27 Jumada Al-Akhirah 1446  

مودی کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارت کا عالمی فضائی تنظیم سے رابطہ

اپ ڈیٹ 28 اکتوبر 2019 04:01pm

نئی دہلی: مودی کو پاکستانی فضائی حدود کے استعمال سے انکار پر بھارت نے عالمی فضائی تنظیم آئی سی او اے سے رابطہ کرلیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کیلئے پاکستان کی فضائی حدود کی بندش پر بھارتی حکومت نے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) سے رجوع کیا ہے۔

اپنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بھارتی میڈیا سے گفتگو کرنے والے آفیشل نے کہا کہ (آئی سی اے او) کی جانب سے مقرر کردہ اصولوں کے تحت دوسرے ممالک کو اوور فلائٹ کلیئرنس دی جانی چاہیئے۔

بھارتی آفیشل کے مطابق انہوں نے علیحدہ طور پر مودی کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کا معاملہ متعلقہ بین الاقوامی سول ایوی ایشن باڈی میں اٹھایا ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی درخواست کو مسترد کیا تھا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ یومِ سیاہ کے تناظر میں پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بھارتی ہائی کمشنر کو باقاعدہ تحریری طور پر فیصلے سے آگاہ بھی کردیا گیا ہے۔