Aaj News

اتوار, دسمبر 29, 2024  
26 Jumada Al-Akhirah 1446  

کشمیر پر بھارتی قبضے کا دن، آج "یومِ سیاہ" منایا جارہا ہے

شائع 27 اکتوبر 2019 03:11am

اسلام آباد: دنیا بھر میں کشمیری اور پاکستانی عوام آج یوم سیاہ منائیں گے، 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج نے کشمیر پر قبضہ کرلیا تھا، ادھر مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 83 دن ہوچکے ہیں۔

کشمیر پر بھارتی قبضہ نامنظور، یہ نعرہ 1947 سے کشمیریوں کی زبان پر ہے۔ 27 اکتوبر کو دنیا بھر میں کشمیری اور پاکستانی عوام بھارت کے خلاف یوم سیاہ مناتے ہیں۔ آج پاکستان میں بھارت کی خلاف ریلیاں نکالی جائیں گی۔

حریت رہنما علی گیلانی نے عوام سے سرینگر کے لال چوک کی طرف مارچ کی اپیل کی ہے۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی کرفیو بدستور جاری ہے۔ عوام گھروں میں قید ہیں، غذائی اشیاء اور دواؤں کی شدید قلت ہے۔

یوم سیاہ کشمیر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پانچ اگست سے بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں کئی گنا اضافہ ہوا۔ مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سےبڑی جیل میں تبدیل ہوچکا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ وادی میں ادویات اور اشیائے خورونوش کی قلت ہے، ہم کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ بھارتی دہشتگردی پہلے سے زیادہ سفاکانہ رخ اختیار کرگئی ہے۔ عالمی برادری،انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔