Aaj News

بدھ, جنوری 01, 2025  
01 Rajab 1446  

ایف اے ٹی ایف کی 27 شرائط پر عملدرآمد کیلئے نئی حکمت عملی کی منظوری

شائع 26 اکتوبر 2019 05:36pm
وزیر اعظم عمران خان- فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے ایف اے ٹی ایف کی 27 شرائط پر عملدرآمد کیلئے نئی حکمت عملی کی منظوری دے دی۔

 وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء مخدوم خسرو بختیار، علی زیدی، عمر ایوب، حماد اظہر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،  یوسف بیگ مرزا، شوکت ترین، چیرمین ایف بی آر شبر زیدی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اور سینئر افسران شریک ہوئے۔

 اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم عمران خان کوایف اے ٹی ایف کے معاملے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے ایف اے ٹی ایف کی 27 شرائط پر عملدرآمد کیلئے نئی حکمت عملی کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم نے پاکستان کی عالمی رینکنگ میں بہتری پر معاشی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

اجلاس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بریفنگ دی کہ بینکنگ کورٹس میں کل 46 ہزار 940 کیسز زیر التواء ہیں جن  کے حل کے لیے قوانین میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ کے لیے آگاہ کیا گیا کہ اسمیڈا کے لیے ایک متحرک اور ماہر افراد پر مشتمل بورڈ آف گورنرز قائم کیا جا رہا ہے۔ اسمیڈا کے سی ای او کی تعیناتی دسمبر تک ہو جائے گی اور 3 سالہ اسٹریٹجی منظور کی جائے گی۔