Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

مرغی کے گوشت کو دھونے کا صحیح طریقہ، کیمپی لوبیکٹیریا سے بچیں

شائع 26 اکتوبر 2019 09:30am

مرغی کا گوشت ہر گھر میں پکایا اور کھایا جاتا ہے۔ اس کے موجودہ نقصانات ایک طرف لیکن یہ حقیقت ہے کہ اگرگوشت معیاری ہوتواس کااستعمال ضروری ہے۔  یہ پروٹین اورغذائیت سے بھرپور ہوتا ہے۔

ایک ریسرچ کے مطابق مرغی کا گوشت دھونے سے جو آلودہ پانی کے چھینٹے اڑتے ہیں اس سے "کیمپی لوبیکٹیریا" پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ گوشت دھونے کے باعث اڑنے والے آلودہ پانی کے چھینٹے کپڑوں اورباورچی خانے میں آتے ہیں۔

ریسرچ کے مطابق ان کے ذریعے کیمپی لو بیکٹیریا افزائش پاتا ہے اور تیزی سے پھیلتاہے۔ جس سے فوڈ پائزننگ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

٭ کیمپی لوبیکٹیریا انفیکشن کی علامات

یہ علامات انفیکشن سے متاثر ہونے کے بعد 2 سے5 دن کے اندر ظاہر ہونا شروع ہوتی ہیں اور ایک ہفتے تک جاری رہ سکتی ہیں۔ ان علامات میں ڈائیریا (جس میں کبھی کبھارخون بھی آسکتاہے)، پیٹ کا درد، اینٹھن، بخار، تھکاوٹ، متلی اور قے شامل ہیں۔ غیرمعمولی صورتحال میں یہ انفیکشن جوڑوں کے درد یا گیلین بارسنڈروم کا باعث بن سکتا ہے۔

اب سوال یہ پیداہوتاہے کہ اگرمرغی کے گوشت کو دھویا نہ جائے تو صاف کرکے پکایا کیسے کیا جائے؟

٭ گوشت دھونے کاطریقہ

سب سے پہلے تویہ یاد رکھیں کہ جب بھی آپ مرغی کا گوشت لائیں تواسے صاف کئے بغیر فریز نہ کریں۔

گوشت لانے کے بعد اس پر لگا خون اور آلودگی ململ یا کسی بھی نرم کپڑے کی مدد سے گیلا کرکے صاف کرلیں۔

کوشش کریں کے کپڑاسفید یا پھر ایسے ہلکے رنگ کا ہو جس کا رنگ نہ نکلتا ہو۔

اس کے بعد نیم گرم پانی میں ایک لیموں کا رس یا پھرایک چمچ سفید سرکہ ڈال کر مرغی کے گوشت کو 5 منٹ تک بھگودیں۔

ہاتھ سے مل کر صاف کریں اورایک دفعہ گوشت کو سادہ پانی میں ڈال کرنکال لیں۔

اس عمل کے بعد یہ گوشت تمام جراثیم سے پاک ہوجاتاہے۔

اب آپ مطمئن ہوکر اسے آرام سے پکاسکتے ہیں۔

یادرکھیں کسی بھی پولٹری کے گوشت میں کیمپی لوبیکٹیریا شامل ہوسکتا ہے چاہے وہ گوشت آرگینک ہی کیوں نہ ہو۔

 کیمپی لوبیکٹیریاسے مکمل بچاؤ کے لیے گوشت کاٹنے کے لیے علیحدہ کٹنگ بورڈ، برتن اور آلات کا استعمال کریں۔استعمال کے بعد انہیں صابن اورگرم پانی سے ضروردھوئیں۔

اس طریقہ کار کو اپنانے کے بعد آپ کو گوشت کے آلودہ ہونے کا خطرہ نہیں رہے گا اور آپ جراثیم کے پھیلنے کے خوف سے بھی بچ جائیں گے۔