Aaj News

بدھ, جنوری 01, 2025  
01 Rajab 1446  

اداکار عمران اشرف 'بھولے' کی فلمی دنیا میں انٹری

شائع 25 اکتوبر 2019 04:29pm

پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے معروف اور باصلاحیت اداکار عمران اشرف اب فلمی دنیا میں بھی انٹری دینے کو تیار ہیں۔

انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ احتشام الدین کی اگلی فلم میں ڈیبیو کرنے جارہے ہیں۔

رانجھا رانجھا ڈرامے کے 'بھولے' اپنی ڈیبیو فلم 'دم مستم' میں مرکزی کردار نبھائیں گے جبکہ ان کے مدمقابل مرکزی کردار اَمر خان ادا کریں گی۔

اس فلم کے ہدایتکار احتشام الدین، مصنف اَمر خان جبکہ پروڈیوسر عدنان صدیقی اور اختر حسنین ہیں۔ یہ ایک رومانوی کامیڈی فلم ہوگی۔

عمران اشرف نے اپنے مداحوں کو سلور اسکرین پر انٹری کی خوشخبری سنائی تو ان کے مداحوں نے بھی خوب نیک خواہشات کا اظہار کیا اور وہ اس کی ریلیز کیلئے بے تاب نظر آئے۔

واضح رہے کہ یہ فلم آئندہ برس سینما گھروں کی زینت بنے گی، فلم کی کاسٹ میں عمران اشرف اور اَمر خان کے علاوہ سہیل احمد، سلیم معراج، عدنان ٹیپو شاہ، مومن ثاقب اور دیگر کئی اداکار شامل ہیں۔