Aaj News

اتوار, دسمبر 29, 2024  
26 Jumada Al-Akhirah 1446  

انٹرا افغان مذاکرات کی طالبان کی تصدیق

شائع 23 اکتوبر 2019 01:46pm

 

افغان طالبان نے امن کے لیے انٹرا افغان بات چیت کا نیا دور شروع ہونے کی تصدیق کردی ۔ افغان طالبان کے مطابق مذاکرات کا نیا دور آئندہ ہفتے چین میں ہو گا۔

افغان طالبان کی جانب سے جاری بیان میں ایک مرتبہ پھر افغانستان میں امن کیلئے مذاکرات کی بحالی کی امید کا اظہار کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات میں طالبان رہنما اور افغان شخصیات دوبارہ شریک ہونگے۔

افغان رہنماوں اور طالبان کے درمیان یہ مذاکرات اٹھائیس اور انتیس اکتوبر کو بیجنگ میں متوقع ہیں۔

ترجمان  کے مطابق طالبان امریکا کے ساتھ بھی وہیں سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے خواہاں تھے جہاں سے یہ ختم ہوئے تھے ۔

طالبان ترجمان کے مطابق طالبان امریکا سے بھی معاہدے کیلئے آمادہ تھے اور اس حوالے سے تیرہ ستمبر کی تاریخ کا تعین بھی کرلیا گیا تھا اور معاہدے کے تحت امریکی اور نیٹو فوجیوں کے ساتھ جنگ بندی پر بھی اتفاق ہوگیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ نے  اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد افغانستان میں امن کیلئے نیٹو، اقوام متحدہ اور یورپی اتحادیوں سے نئے سرے سے مذاکرات کا آغاز کریں گے۔

 بعدازاں وہ چین اور روس کا بھی دورہ کرینگے جہاں پر وہ افغانستان میں امن سے متعلق بات چیت کریں گے ۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں ایک امریکی فوجی کی ہلاکت کے بعد طالبان سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

اسکے باوجود کچھ عرصے بعد افغان طالبان کا ایک وفد دورے پر پاکستان آیا تھا جن سے افغان امن عمل پر بات چیت کی گئی تھی اور دوسری طرف امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد بھی دورے پر پاکستان پہنچے تھے ۔ اور انہوں نے بھی اپنے دورہ پاکستان کے دوران طالبان رہنماوں سے ملاقات کی تھی ۔