Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

خیبرپختونخوا کے "چرس ایکسپو 2019" کی ویڈیو منظر عام پر

شائع 23 اکتوبر 2019 07:01am

پاکستان میں منشیات کا استعمال عام ہے، غریب سے لے کر امیر تک سب اس گندی لت میں مبتلا ہیں، چاہے وہ تمباکو نوشی ہو، گٹکا/ماوا ہو یا پھر چرس اور دیگر ہیوی ڈرگز۔

روز بروز منشیات استعمال کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اس کی ایک بڑی اور افسوس ناک وجہ یہ ہے کہ اب یہ لعنت اسکولوں اور کالجوں کا بھی رُخ کر چکی ہے۔ کم سن افراد بھی منشیات کے رسیا ہو چکے ہیں۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے نشے کے عادی افراد میں چرس ایک مقبول ترین نشہ ہے۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں کسی مقام پر سینکڑوں لوگ سرِعام مختلف اقسام کی چرس کی بوریاں اپنے سامنے سجائے بیٹھے اس کی فروخت کر رہے ہیں۔ جبکہ وہاں موجود چرس کے گاہکوں کی گنتی بھی کوئی کم نہیں ہے۔

یوں معلوم ہوتا ہے کہ جیسے یہ لوگ چرس جیسی ممنوعہ منشیات کی بجائے دیگر غزائی اجناس یا پھر فروٹ فروخت کرنے بیٹھے ہیں اور وہاں موجود لوگ بھی پورے اطمینان کے ساتھ اسے خرید رہے ہیں۔

یہ ویڈیو وادی تیراہ کی ہے جو چرس کے استعمال اور پیداوار کی بناء پر خاصا بدنام علاقہ ہے۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کر ڈالے ہیں۔

ایک ٹوئٹر صارف ڈاکٹر اقبال برکی نے یہ ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ اس پر طنزیہ انداز میں یہ کمنٹ کیا ہے "یہ ایک قابلِ غور چیز ہے۔ کے پی کی تیراہ وادی میں چرس ایکسپو 2019ء کا انعقاد ہوا ہے۔

کیا ہی اچھا ہو کہ اس (چرس ایکسپو) کا انعقاد کراچی ایکسپو سنٹر میں کرایا جائے۔ اگر اس چرس ایکسپو کی بہترین طریقے سے تشہیر کرائی جائے تو لاکھوں کی تعداد میں غیر مُلکی سیاح اس ایکسپو میں شرکت کی غرض سے پاکستان کا رُخ کریں گے جس کی بدولت پاکستان کی درآمدات انتہائی حیران کُن حد تک بڑھ جائیں گی۔"

آپ بھی اس"چرس ایکسپو 2019ء" کی ویڈیو ملاحظہ کیجیے۔