Aaj News

اتوار, دسمبر 29, 2024  
26 Jumada Al-Akhirah 1446  

رکن اسمبلی کی اہلیہ کا "ریپ" کے حوالے سے انتہائی شرمناک بیان، معافی مانگنی پڑ گئی

شائع 23 اکتوبر 2019 05:25am

نئی دہلی: کیرالہ سے کانگریس ممبر پارلیمنٹ ہبی ایڈن کی اہلیہ انا لنڈا ایڈن کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ وائرل ہو رہی ہے۔ جس میں انہوں نے "ریپ" کے حوالے سے انتہائی متنازع بیان جاری کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق انا لنڈا ایڈن نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا تھا  "قسمت ریپ کی طرح ہے، اگر آپ اس کو روک نہیں سکتے ہیں تو اس کا لطف اٹھائیں۔"

ان کی اس پوسٹ پر کافی ہنگامہ ہوا، جس کے بعد انہوں نے اپنی پوسٹ پر معافی مانگی ہے۔

منگل کی صبح انا لنڈا ایڈن نے فیس بک پر ایک ویڈیو ڈالی اور ساتھ ہی ساتھ اپنے شوہر اور کانگریس ایم پی ہبی ایڈن کی تصویر ڈالتے ہوئے کیپشن لکھا، "قسمت ریپ کی طرح ہے، اگر اسے روک نہیں سکتے تو اس کا مزہ لیجئے۔"

دراصل، بھارتی شہر کوچی میں ان دنوں بارش کی وجہ سے پانی بھرا ہوا ہے، سوشل میڈیا پر لوگوں نے ان کی پوسٹ کواسی سے جوڑ کر دیکھا ہے اور الزام لگایا ہے کہ انہوں نے کوچی کے حالات کا مذاق اڑایا ہے۔

کانگریس ممبر پارلیمنٹ کی اہلیہ کی جانب سے لکھی گئی اس فیس بک پوسٹ پر کافی ہنگامہ ہوا اور لوگوں نے اس پوسٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ بڑھتے ہنگامہ کو دیکھتے ہوئے انا نے اپنا پوسٹ ہٹا لیا اور معافی بھی مانگ لی۔

واضح رہے کہ  ہبی ایڈن کیرالہ کی اے رنا کلم لوک سبھا سیٹ سے ایم پی ہیں اور پہلی بار الیکشن جیت کر آئے ہیں۔ اس سے پہلے وہ کانگریس پارٹی سے ہی ممبر اسمبلی بھی رہ چکے ہیں، 2019 لوک سبھا انتخابات سے پہلے انہوں نے رکن اسمبلی کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی نے اس بار صرف کیرالہ ریاست میں ہی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

اس سے پہلے 2013 میں سابق سی بی آئی ڈائریکٹر رنجیت سنہا کے ذریعہ بھی اسی طرح کا بیان دیا گیا تھا۔ تب انہوں نے کہا تھا کہ اگر آپ ریپ کو روک نہیں سکتے ہو، تو اس کا لطف لیتے ہو۔ انہوں نے یہ بیان سٹے بازی کے معاملہ پر مثال دیتے ہوئے کہا تھا، تاہم بعد میں انہوں نے اس بیان پر افسوس بھی ظاہر کیا تھا۔