Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

نواز شریف اور "مسٹر محفوظ" کی میڈیکل رپورٹ میں حیرت انگیز مماثلت؟

شائع 23 اکتوبر 2019 05:06am

اسلام آباد: میاں محمد نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کی جانب سے سوشل میڈیا پر شئیر کی گئی میڈیکل رپورٹ پر کچھ اعتراضات سامنے آئے ہیں۔

نجی چینل کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عدنان کی جانب سے نوز شریف کی جو میڈیکل رپورٹ شئیر کی گئی ہے، اس میں اور مسٹر محفوظ کی رپورٹس میں حیرت انگیز مماثلت پائی گئی ہے۔

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ پر جو فون نمبر درج ہے وہ کسی مسٹر محفوظ کا ہے۔ مسٹر محفوظ کی عمر بھی نواز شریف کی طرح انہتر سال ہی ہے۔ جب کہ 19 اکتوبر کو نواز شریف کے کیے گئے ٹیسٹ میں پلیٹلیٹس کی تعداد 75 ہزار درج ہے۔

اب سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ شریف خاندان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان 19 اکتوبر کو ہی نواز شریف یا مسٹر محفوظ کے لیے کوئی آواز کیوں نہیں اٹھائی۔

اس حوالے سے مؤقف پیش کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بعض دفعہ اہم شخصیات کے بلڈ ٹیسٹ کے لیے ان کی شناخت ظاہر نہ کرنے کی وجہ سے بھی ایسا کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ پیر کی شب کو لاہور کے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت بگڑ گئی۔ نواز شریف کے معالج ڈاکٹر عدنان کی جانب سے بتایا گیا کہ سابق وزیراعظم کی پلیٹلیٹس کی رپورٹ غیر تسلی بخش آئی ہے۔

نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد نیب نے انہیں فوری بنیادوں پر علاج کیلئے ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔

نیب نے نواز شریف کو لاہور کے سروسز ہسپتال میں علاج کیلئے منتقل کر دیا۔ سروسز ہسپتال منتقل کیے گئے سابق وزیراعظم شریف کا ڈینگی ٹیسٹ کیا گیا۔

ڈینگی ٹیسٹ کی رپورٹ کے نتائج کے مطابق نواز شریف کو ڈینگی کا مرض لاحق نہیں ہوا۔ نواز شریف دل کی ادویات استعمال کر رہے ہیں جن میں خون پتلا کرنے والی ادویات بھی ہیں۔ ان ادویات کے باعث ہی نواز شریف کا پلیٹلیٹ کاؤنٹ کم ہوا ہے۔ تاہم نواز شریف کے ابھی مزید کچھ میڈیکل ٹیسٹ کیے جائیں گے۔