Aaj News

بدھ, جنوری 01, 2025  
01 Rajab 1446  

دورہ آسٹریلیا کے لیے منتخب ہونے والا ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ اسکواڈ

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2019 07:34pm

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق نے آج دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان کیا ہے، ٹیم سے کپتان سرفراز احمد کی چھٹی ہوگئی ہے جبکہ کئی نئے اور پرانے چہرے بھی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔

سب سے پہلے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے منتخب ہونے والے اسکواڈز پر نظر ڈال لیتے ہیں۔

دورہ آسٹریلیا کے لیے منتخب ہونے والی پاکستان کی 16 رکنی ٹیسٹ ٹیم

ٹیسٹ ٹیم میں نومنتخب کپتان اظہر علی، عابد علی، اسد شفیق بابر اعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان سینیئر، افتخار احمد، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، موسیٰ خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ موجود ہیں۔

دورہ آسٹریلیا کے لیے منتخب ہونے والی پاکستان کی 16 رکنی ٹی ٹوئنٹی ٹیم

ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں نومنتخب کپتان بابر اعظم، آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، افتخار احمد ،عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، موسیٰ خان، شاداب خان، عثمان قادر، وہاب ریاض موجود ہیں۔

کون اِن ہوا اور کون آؤٹ؟

سری لنکا کے خلاف کھیلنے والے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ پر نظر ڈالی جائے اس میں سے 6 کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا گیا ہے، ان کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، احمد شہزاد، عمر اکمل، محمد نواز، عثمان شنواری اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

جبکہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں خوشدل شاہ، محمد عرفان، موسیٰ خان، عثمان قادر اور محمد رضوان کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اب پاکستان کی جانب سے کھیلی گئی آخری ٹیسٹ سیریز کی بات کرلیتے ہیں تو جنوبی افریقہ کے خلاف 3 میچز کی سیریز کھیلنے والی ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

سرفراز احمد، فخر زمان، شاداب خان، حسن علی اور فہیم اشرف کو ڈراپ کردیا گیا ہے جبکہ عابد علی، عمران خان سینیئر، کاشف بھٹی، موسیٰ خان اور نسیم شاہ کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔

ٹیم میں شامل ہونے والے نئے چہرے

پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں خوشدل شاہ، موسیٰ خان اور عثمان قادر کو جبکہ ٹیسٹ اسکواڈ میں عابد علی، کاشف بھٹی، موسیٰ خان اور نسیم شاہ کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے۔

کون کونسے کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے

پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں محمد رضوان، افتخار احمد اور عمران خان سینیئر جبکہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان، محمد رضوان اور امام الحق کی واپسی ہوئی ہے۔

خراب کارکردگی کے باوجود منتخب ہونے والے کھلاڑی

چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کپتان سرفراز احمد سمیت متعدد کھلاڑیوں کو خراب کارکردگی کی وجہ سے ٹیم سے باہر کردیا لیکن فخر زمان، شاداب خان اور آصف علی مسلسل ناقص کارکردگی کے باوجود بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔

فخر زمان نے گزشتہ 10 ٹی ٹوئنٹی میچز میں محض 98 رنز اسکور کئے ہیں جس میں ان کی بیٹنگ اوسط 9 اعشاریہ 80 رہی ہے۔

شاداب خان نے گزشتہ 6 ٹی ٹوئنٹی میچز میں صرف 4 وکٹیں لی ہیں جبکہ ان کا اکانومی ریٹ بھی 9 اعشاریہ 18 رہا ہے۔

آصف علی نے گزشتہ 8 ٹی ٹوئنٹی میچز میں محض 81 رنز اسکور کئے ہیں جس میں ان کی بیٹنگ اوسط 11 اعشاریہ 57 رہی۔

اس کے علاوہ نومنتخب کپتان اظہر علی کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز میں 6 اننگز کھیل کر محض 59 رنز اسکور کئے تھے۔ اس سیریز میں ان کی بیٹنگ اوسط 9 اعشاریہ 83 رہی تھی۔