Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہونٹوں کے اوپر بال (اَپر لپس) سے چھٹکارا پانے کے آزمودہ طریقے

شائع 21 اکتوبر 2019 07:32am

اپرلپس پر بال ہونا عام بات ہے۔ صاف ستھرے چہرے پر بال الجھن میں مبتلا کردیتے ہیں اور خواتین کو پارلر کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ خواتین کے چہرے پر بال غیر متوازن ہارمونز یا موروثی وجوہات کی بناء پر ہوتے ہیں۔

لیکن بعض اوقات وقت کی کمی یا سفر میں ہونے کی وجہ سے اگر پارلر نہ جاسکیں تو گھر پر بھی ان ناپسندیدہ بالوں سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔

ذیل میں اپر لپس سے بال صاف کرنے کے کارآمد نسخے درج کیے جارہے ہیں۔

٭ شکر اور لیموں

لیموں میں بلیچ کرنے کی خصوصیات موجود ہیں جبکہ شکر اسکرب کا کام دیتی ہے۔ ایک لیموں کو نچوڑ کر اسکا رس نکال لیں اس میں ایک چائے کا چمچ شکر ملالیں، چہرے کو دھو کر صاف کرلیں، اس مکسچر کو اپر لپس پر لگائیں اور ہلکا مساج کریں، پندرہ منٹ بعد دھولیں۔ ایک ہفتے تک اسی طرح کریں، بالوں کی افزائش میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔

٭ براؤن شوگر ویکسنگ

دو کھانے کے چمچ براؤن شوگر ایک گلاس پانی میں ملائیں اور چند قطرے لیموں شامل کرلیں۔ درمیانی آنچ پر پکائیں، مستقل چمچہ چلاتی رہیں یہاں تک کہ یہ مکسچر گاڑھا ہوجائے۔ براؤن شوگر کا یہ ویکس اپر لپس پر پھیلائیں، کاٹن کے کپڑے سے دبائیں اور ایک منٹ انتظار کریں۔ پھر کپڑے کو بالوں کی مخالف سمت میں تیزی سے ہٹالیں۔

٭ انڈے کی سفیدی اور ہلدی

انڈے اور ہلدی سے بنے ماسک سے اپر لپس سے بال صاف کیے جاسکتے ہیں۔ ایک کھانے کا چمچ ہلدی ایک انڈے کی سفیدی میں شامل کریں۔ یہ مکسچر اپر لپس پر لگائیں اور ایک گھنٹہ لگا رہنے دیں۔ جب ماسک سوکھ جائے تو کھینچ کر اتار دیں اور نیم گرم پانی سے دھولیں۔ یہ ماسک ہفتے میں چار مرتبہ لگائیں بال مکمل طور پر صاف ہوجائیں گے۔

٭ ہلدی اور دودھ

ہلدی میں زخم کو بھرنے کی خصوصیات کے علاوہ جلد کو چمکدار بنانے کی بھی صلاحیت موجود ہے۔ ہلدی کو دودھ میں ملا کر استعمال کرنے سے جلد چمکدار ہوتی ہے۔ ایک کھانے کا چمچ ہلدی، دودھ میں ملا کر پیسٹ بنا کر لگائیں۔ ایک مہینے میں ہی بالوں کی افزائش کم ہوجائے گی۔ ہلدی کو کریم یا پانی کے ساتھ شامل کر کے بھی لگایا جاسکتا ہے۔

٭ دہی ، بیسن اور ہلدی

یہ ترکیب چہرے کے بال صاف کرنے کے ساتھ اپر لپس کی رنگت کو بھی صاف کرتی ہے۔ چکنی جلد والی خواتین اسے کسی ری ایکشن کے خطرے کے بغیر استعمال کر سکتی ہیں۔ دو چائے کے چمچ دہی، بیسن اور ہلدی کو ایک باؤل میں مکس کرکے پیسٹ بنالیں۔ یہ پیسٹ اپر لپس پر لگا کر پندرہ منٹ کے لیے چھوڑدیں۔ پھر آہستہ آہستہ مل کر یہ پیسٹ اتار دیں اور نیم گرم پانی سے دھولیں۔

٭ گرم یا ٹھنڈی ویکسنگ

ویکس کو کسی برتن میں ڈال کر پگھلایا جاسکتا ہے اسی ویکس کو انگلی پر لے کر اپر لپس پر لگائیں اور پھر انگلی تیزی کے ساتھ ہٹائیں، ویکس کے ساتھ جلد کے بال بھی آجائیں گے۔ ہاٹ ویکس سے صاف کیے گئے بال 4 سے 6 ہفتے بعد ہی دوبارہ نمودار ہوجاتے ہیں۔ ٹھنڈے ویکس سے تکلیف زیادہ ہوتی ہے لیکن نتائج دونوں کے یکساں ہوتے ہیں۔

٭ تھریڈنگ

اپر لپس صاف کرنے کا ایک طریقہ تھریڈنگ بھی ہے۔ اس میں دھاگے کی مدد سے بالوں کو لپیٹ اکھاڑا جاتا ہے۔ تھریڈنگ پارلر میں زیادہ بہتر طریقے سے ہوتی ہے۔ لیکن اگر آپ کو اس کا طریقہ آتا ہے تو گھر پر بھی آسانی سے کی جاسکتی ہے۔

٭ مسور کی دال

مسور کی دال کا آٹا دودھ کے ساتھ ملا کر پیسٹ بنالیں۔ یہ پیسٹ اپرلپس اور چہرے کے بقید حصوں (جہاں کے بال صاف کرنا ہوں) پر لگالیں۔ جب یہ چہرہ خشک ہوجائے تو رگڑ کر صاف کرلیں اور پانی سے دھولیں۔

٭ کارن فلور اور دودھ

اپر لپس صاف کرنے کے لیے بہت آسان ترکیب ہے۔ آدھا چائے کا چمچ کارن فلور دودھ میں ملا کر گاڑھا پیسٹ بنالیں۔ یہ پیسٹ اپر لپس پر لگائیں اور 20 منٹ تک لگا رہنے دیں۔ 20 منٹ بعد یہ ماسک کھینچ کر اتار دیں۔ ایک ہفتے روزانہ استعمال سے بالوں کی افزائش میں کمی ہوجائے گی۔

٭ لیموں اور شہد

لیموں کا رس اور شہد اچھی طرح مکس کر کے بالوں پر لگائیں اور 20 منٹ بعد دھولیں۔ دو ہفتے کے روزانہ استعمال سے بالوں کی افزائش میں کافی کمی ہوجائے گی۔