Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایل او سی پر اشتعال انگیزی، جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی ہلاک

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2019 12:46pm

اسلام آباد: بھارتی فورسز نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس کا بھرپور انداز میں جواب دیتے ہوئے پاک فوج نے نو بھارتی فوجی ہلاک اور دو بنکرز تباہ کردئیے۔

پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ بھارتی فورسز نے جورا، شاہ کوٹ اور نوسہری سیکٹرز میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے لانس نائیک زاہد سمیت 3 شہری شہید جبکہ 5 شہری زخمی ہوئے ہیں۔

زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں ہر ممکن طبی سہولت مہیا کی جارہی ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارت دہشت گردوں کے مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانے کا جھوٹ چھپانے کے لیے معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے۔ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین برائے بھارت و پاکستان اور مقامی و غیر ملکی میڈیا نمائندگان کو آزاد کشمیر میں مکمل رسائی حاصل ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں انہیں یہ آزادی حاصل نہیں۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت کو حملے سے پہلے سوچنا چاہئیے تھا، بھارتی فوج کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا ہمیشہ بھرپور جواب ملے گا۔ پاک فوج لائن آف کنٹرول کے ساتھ وہاں آباد شہریوں کی مکمل حفاظت کرے گی اور بھارتی فوج کو اپنے اقدام پر بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

دوسری جانب بھارت اپنے زخمی فوجیوں اور ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو اٹھانے کی کوشش کررہا ہے، بھارت نے لائن آف کنٹرول پر سفید جھنڈا لہرا دیا ہے۔