Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

صادق سنجرانی قائم مقام صدرِ مملکت مقرر

شائع 20 اکتوبر 2019 05:08am

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر مملکت کی ذمہ داریاں سنبھال لیں، وہ پانچ روز تک تمام امور انجام دیں گے۔

صدرمملکت عارف علوی 5 روزہ دورے پر جاپان روانہ ہوگئے، جس کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدرکی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے قائم مقام صدر کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، صادق سنجرانی 24 اکتوبر تک قائم مقام صدر کے امور انجام دیں گے۔

صدرمملکت عارف علوی جاپانی حکومت کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ آئین پاکستان کے مطابق صدر مملکت کی غیر موجودگی میں چیئرمین سینیٹ ہی صدر کا عہدہ سنبھالتا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے قائم مقام صدر بننے کے خلاف دائر درخواست کو مسترد کردیا تھا۔

درخواست گزار کا کہنا تھا صادق سنجرانی کی اس وقت عمر تقریباً 40 سال ہے، آئین میں صدر بننے کے لیے عمر 45 سال ہے، صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالا تو آئینی بحران پیدا ہوگا اور عدم موجودگی میں عہدے پر ذمہ داریاں کون نبھائے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے دلائل سننے کے بعد 18 دسمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ جس کے بعد فیصلہ سنایا کہ چیئرمین سینیٹ قائم مقام صدر بننے کے اہل ہیں اور اس سے کوئی بحران پیدا نہیں ہوگا۔