Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

انسٹاگرام پر ماہرہ خان کے 5 ملین فالوورز، پہلی پاکستانی اداکارہ بن گئیں

شائع 19 اکتوبر 2019 04:32pm

پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان سماجی رابطے کی مشہور ویب سائٹ انسٹاگرام پر 5 ملین (50 لاکھ) فالوورز کے ساتھ پہلی پاکستانی اداکارہ بن گئیں۔

ماہرہ خان نہ صرف پاکستان بلکہ پڑوسی ملک بھارت میں بھی بے حد مقبول ہیں اور وہاں بھی ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے تقریباً روزانہ کی بنیاد پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی ہیں۔

ویسے تو انسٹاگرام پر تقریباً ہر پاکستانی اداکار کے ٹھیک ٹھاک فالوورز ہیں لیکن ماہرہ نے سب کو پیچھے چھوڑدیا اور 5 ملین فالوورز کے ساتھ پہلی پاکستانی اداکارہ بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس کارنامے کو انجام دینے پر ماہرہ خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ جشن مناتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔

اس ویڈیو میں انہوں نے ایک تصویر ہاتھ میں اٹھائی ہوئی ہے جس کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس تصویر کو لوگوں کی بڑی تعداد نے پسند کیا اور اپنے تبصرے بھی دیئے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ تصویر ترکی کی ہے جس میں وہ اپنی ایک دوست کی شادی میں شریک ہیں، ماہرہ نے بتایا کہ اس تصویر سے متعلق لوگوں کو یہ غلط فہمی ہوگئی تھی کہ شاید یہ ماہرہ کی منگنی کی تصویر ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اس تصویر پر آنے والے تبصروں کو پڑھ کر بہت ہنسی تھی۔