Aaj News

بدھ, جنوری 01, 2025  
01 Rajab 1446  

الگ فرقہ بناکر اپنے ہی بچوں کو 'قید' کرنے والا شخص گرفتار

شائع 18 اکتوبر 2019 05:22pm

ہالینڈ کی پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے آخرت کے انتظار میں گزشتہ 9 برسوں سے اپنے بچوں کو تہہ خانے میں قید کیا ہوا تھا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہالینڈ کی پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک خاندان کے 67 سالہ شخص (جو اس خاندان کا سربراہ بھی ہے) کو گرفتار کیا ہے جو گزشتہ 9 برس سے اپنے بچوں سمیت فارم ہاؤس کے تہہ خانے میں چھپ کر 'آخرت کا انتظار' کرتے ہوئے رہ رہا ہے۔

پولیس نے کارروائی کے دوران فارم ہاؤس کے تہہ خانے سے اس خاندان کے افراد کو بازیاب کروایا تو یہ بات سامنے آئی کہ خاندان کے سربراہ نے انہیں 9 برس سے تہہ خانے میں قید کیا ہوا تھا۔

اُس خاندان کے سربراہ کی گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب آسٹریا سے تعلق رکھنے والے ایک ایسے شخص کو حراست میں لیا گیا جس نے فارم ہاؤس کی یہ زمین انہیں کرائے پر دے رکھی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان دونوں افراد نے اپنا الگ فرقہ بنایا ہوا تھا اور انہوں نے نوجوانوں کو ان کی مرضی کے بغیر تہہ خانے میں قید کیا ہوا تھا۔