Aaj News

جمعہ, جنوری 03, 2025  
02 Rajab 1446  

شہباز شریف کا مولانا کے "آزادی مارچ" میں بھر پور شرکت کا اعلان

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2019 03:37pm

مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف اور جے یو آئی ایف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی لاہور میں اہم بیٹھک ہوئی ہے، شہباز شریف نے مولانا کے آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کردیا۔ وہ کہتے ہیں 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں جلسہ ہو گا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

 ماڈل ٹاؤن لاہور میں شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات میں آزادی مارچ کے حوالے سے طویل صلاح مشورہ ہوا۔ میٹنگ کے بعد شہباز شریف نے مولانا کے ساتھ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ 31 اکتوبر کو مسلم لیگ ن آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی اور وہ اسلام آباد میں جلسے سے خطاب کریں گے۔

  اپوزیشن لیڈر نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے معیشت کی زبوں حالی کا ذمہ دار قرار دیا۔ اور ساتھ ہی دعوی کیا کہ اگر آئندہ شفاف انتخابات ہوئے اور انھیں موقع ملا تو وہ چھ ماہ میں معیشت کو بحال کر دیں گے۔

 مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 27 اکتوبر کو یوم یکہجتی کشمیر ہے اور اسی روز آزادی مارچ میں شرکت کیلئے ملک کے طول عرض سے قافلے روانہ ہوں گے جو 31 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ اگر حکومت مذاکرات چاہتی ہے تو پہلے مستعفی ہو۔

 مشترکہ پریس کانفرنس کے اختتام پر دونوں راہنما صحافیوں کے سوالوں کے جواب دئیے بغیر ہی روانہ ہو گئے۔