Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

سرفراز کو قیادت سے ہٹانے کے بعد پی سی بی کو غلطی مہنگی پڑگئی

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2019 02:51pm

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی قیادت سے ہٹائے جانے کے بعد پی سی بی کی ایک ٹویٹ نے تنازع کھڑا کردیا۔ پی سی بی کے آفیشل اکاؤنٹ سے ایک ایسی ٹویٹ سامنے آئی جس کی وجہ سے بورڈ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بورڈ نے سرفراز کو قیادت سے ہٹا کر ان کی جگہ ٹیسٹ کپتانی اظہر علی اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی بابر اعظم کو سونپی ہے جبکہ ون ڈے کپتان کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پی سی بی کی جانب سے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے تھوڑی دیر بعد بورڈ کے آفیشل اکاؤنٹ سے ایک ٹویٹ کی گئی۔ اس ٹویٹ میں جِف ویڈیو موجود تھی جس میں کھلاڑیوں کو جشن مناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ساتھ ہی ویڈیو میں سرفراز احمد بھی موجود ہیں جنہیں ٹریننگ سیشن کے دوران ٹیم کا ایک ممبر باہر جانے کا اشارہ کررہا ہے۔

بورڈ نے شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید تنقید کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹویٹ ڈیلیٹ کردی اور وضاحت پیش کی کہ آج سے ٹھیک ایک سال بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا آغاز ہوگا اور اس کے ٹکٹوں کی فروخت کا عمل بھی آج سے شروع ہوگیا ہے۔ یہی وجہ تھی کہ تمام بورڈز نے ویڈیو جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اپنی وضاحت میں بورڈ نے مزیز کہا کہ سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے اور ویڈیو کو شیئر کرنے کے وقت کا ملاپ ہونے کی وجہ سے غلط تاثر پیدا ہوا۔

اس ٹویٹ پر ایک خاتون صحافی نے طنزیہ کہا کہ پی سی بی نے گزشتہ دنوں سرفراز احمد سے بدتمیزی کرنے والے ایک صحافی کا لائسنس سزا کے طور پر منسوخ کیا تھا اور آج بورڈ کی جانب سے خود ایسے سنجیدہ موقع پر اس طرح کی ویڈیو شیئر کردی گئی۔