Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

احمد شہزاد اور عمر اکمل کے انتخاب پر پی سی بی کی وضاحت

شائع 17 اکتوبر 2019 06:10pm

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینیٹر مشاہد اللہ کے بیان پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔ پی سی بی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس کے بارے میں بھی اپنی پوزیشن واضح کررہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینیٹر مشاہد اللہ کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصباح الحق کی سربراہی میں قائم کردہ سلیکشن کمیٹی مکمل طور پر بااختیار ہے جو ملک کے بہترین کھلاڑیوں کو پاکستان کی نمائندگی کا موقع دے  رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کے انتخاب میں ان کی فارم، فٹنس اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے  بعد مصباح الحق نے اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہیں۔

وضاحتی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پی سی بی  اپنے سلیکٹرز کی خودمختاری پر یقین رکھتا ہے اور انہیں بلاخوف و خطر کام جاری رکھنے کے لیے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی جاری رکھے گا۔ سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے انتخاب میں بھی یہی طریقہ کار ملحوظ خاطر رکھا گیا۔

پی سی بی کے وضاحتی بیان کے مطابق مصباح الحق پی سی بی اور نہ ہی کسی اوربالائی حلقوں کے زیراثر ہیں۔

پی سی بی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ایچ بی ایل  پی ایس ایل 2019 میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں جگہ دی گئی۔ سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل ایچ بی ایل پی ایس ایل ہی آخری ٹی ٹوئنٹی ایونٹ تھا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2019 میں احمد شہزاد نے 8 میچوں میں 51.83 کی اوسط سے 311 رنز بنائیں۔ اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 126.93 رہا۔ احمد شہزاد نے ایونٹ میں 30 چوکے اور 8 چھکے جڑے۔

دوسری جانب عمر اکمل نے ایونٹ میں 12 میچز کھیلے اور 34.62 کی اوسط سے 277 رنز اسکور کیے۔ 18 چوکےاور 16 چھکے جڑنے والے عمر اکمل نے ایونٹ میں 137.12 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز اسکور کیے۔

دونوں کھلاڑیوں نے ایونٹ میں کوئٹہ گلاڈئیٹرز کی نمائندگی  کی، ایونٹ کا فائنل میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوا جسے دنیا بھر میں موجود لاکھوں شائقین کرکٹ نے دیکھا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ایچ بی ایل پی ایس ایل 2019 کی چیمپئن ٹھہری۔

آٹھ اکتوبر 2019 کو چیئرمین پی سی بی کے نام لکھے گئے خط میں درج تھا کہ سینئر نمائندے تمام متعلقہ افراد کے ہمراہ مذکورہ بالا اجلاس میں شرکت کرسکتے ہیں۔

پی سی بی کے چیئر مین اور چیف ایگزیکٹو آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے لیے سفر پر جارہے تھے۔ جس پر ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید اور سینئر لیگل قونصل بیرسٹر سلمان نصیر کو اجلاس میں شرکت کے لیے نامزد کیا گیا۔ دونوں عہدیداران اجلاس میں شامل تمام نکات پر مکمل علم رکھتے تھے۔

پی سی بی نے 14 اکتوبر 2019 کو لکھے گئے خط کے ذریعے یہ واضح کردیا تھا۔