Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

مسجد پر حملہ، 16 نمازی جاں بحق

شائع 13 اکتوبر 2019 05:55am

سالموسی:  مغربی افریقا کے ملک برکینا فاسو کے شمالی علاقے میں مسلح افراد نے مسجد پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 16 نمازی جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق برکینافاسو کے شہر سالموسی میں واقع جامع مسجد میں رات گئے حملہ کیا گیا جہاں 13 نمازی موقعے پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دیگر تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

قریبی قصبے کے ایک رہائشی کا کہنا تھا کہ اس حملے کے بعد شہریوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے، فوج کی موجودگی کے باوجود تناؤ کا ماحول پایا جاتا ہے۔

مسجد پر حملے کے بعد ایک ہزار سے زائد افراد نے دارالحکومت اواگادوگو کی جانب امن مارچ کیا اور افریقا میں غیر ملکی فوجی بیسز کی موجودگی اور دہشت گردی کے خلاف احتجاج کیا۔

احتجاج کے منتظمین میں شامل گیبن کوربیوگو کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں غیر ملکی فوجیوں کی مداخلت کے لیے دہشت گردی ایک اچھا بہانہ مل گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فرانسیسی، امریکی، کینیڈین، جرمن اور دیگر فوجوں نے ہمارے خطے میں قدم جما رکھے ہیں اور کہتے ہیں وہ دہشت گردی کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں لیکن اس قدر موجودگی کے باوجود دہشت گر گروپ مضبوط تر ہوتے جارہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق افریقا کا غریب ملک برکینا فاسو 2015 تک دہشت گردی کی خطرناک لہر کی لپیٹ میں تھا جس سے پڑوسی ممالک مالی اور نائیجر بھی متاثر ہوئے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برکینا فاسو میں القاعدہ کے چند گروپ اور داعش سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں نے شمال اور مشرقی علاقوں میں کارروائیوں کا آغاز کیا تھا جو بعد جنوبی اور مغربی علاقوں تک پھیل گیا تھا۔ مائنز اور خود کش حملوں سمیت دیگر انداز میں کارروائیاں کی جاتی رہی ہیں جس کے نتیجے میں کم ازکم 600 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔