Aaj News

منگل, دسمبر 31, 2024  
28 Jumada Al-Akhirah 1446  

ترکی نے شام میں بڑی کامیابی حاصل کرلی

اپ ڈیٹ 12 اکتوبر 2019 05:23pm

ترکی نے شام کے اہم سرحدی علاقے راس العین پر کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔ ترک وزارت دفاع کے مطابق ایس این اے اور ترک فوج نے شمالی شام کے علاقے راس العین میں آپریشن کامیاب ہوگیا ہے۔

بیان کے مطابق راس العین کے اسٹریٹیجک ٹاون پر کنٹرول توقع سے زائد جلدی ہوا ہے اور اب وہاں کے گردونواح کے دیہاتوں کا کنٹرول بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق اس علاقے کا قبضہ حاصل کرنے کیلئے فضائی اور زمینی حملہ کیا گیا تھا جس میں چار سو پندرہ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیاہے کہ ایس این اے نے شمالی شام کی ایم فور نامی اہم شاہراہ تک رسائی حاصل کرلی ہے اور فورسز نے علاقوں میں مزید اندر تک پیش قدمی جاری ہے ۔

گزشتہ روز ترکی کے سرحدی علاقے میں کردوں نے حملہ کرکے ایک شہری کو زخمی کردیا تھا جو کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اب چل بسا ہے۔

ترکی کا شام میں دہشتگردوں کیخلاف یہ آپریشن چوتھے روز میں داخل ہوچکا ہے اور ایسے موقعے پر ترک وزیر دفاع اور اہم کمانڈر سرحدی علاقوں میں قائم  آپریشن کے مرکز کا دورہ کررہے ہیں۔

ادھر اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے کہا ہے کہ شام میں ترکی کے آپریشن کے سبب ایک لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہوگئے ہیں تاہم حالات ابتر ہونے کے باوجود ورلڈ فوڈ پروگرام اور اسکے شراکت دار شمالی مشرقی علاقوں میں اپنی امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں گے ۔

دوسری جانب ترکی نے امریکی فوجی پوسٹ کو شام میں نشانہ بنانے کی تردید کی ہے، بیان میں کہا گیاہے کہ امریکی فوجی چوکی کو نشانہ بنانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور ہر ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں کہ ترکی کے فوجی آپریشن کے دوران امریکی فوجی اڈے کو کسی بھی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔