Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

امریکی اداکار رابرٹ فورسٹر 78 برس کی عمر میں چل بسے

شائع 12 اکتوبر 2019 03:05pm

لاس اینجلس: آسکر کے لیے نامزد ہونے والے مشہور امریکی اداکار رابرٹ فورسٹر 78 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ دماغی کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلم 'جیکی براؤن' میں اپنے کردار کی وجہ سے آسکر کے لیے نامزد ہونے والے اداکار رابرٹ فورسٹر گزشتہ روز (جمعے) کو انتقال کرگئے۔

سو سے زائد فلموں میں کام کرنے والے رابرٹ فورسٹر امریکی شہر نیویارک میں پیدا ہوئے، انہوں نے اپنے کیریئر میں متعدد اعزازات حاصل کیے۔

ان کے انتقال پر امریکی مصنف اور ہدایتکار برائن لی کرینسٹن نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ان سے 40 سال پہلے ایک فلم کے سیٹ پر ملا تھا وہ ایک خوبصورت اور مہربان آدمی تھے، ان کی موت سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔