نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا میلہ اتوار سے فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں سجے گا
زونگ فور جی نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 13 سے 24 اکتوبر تک اقبال اسٹیڈیم میں جاری رہے گا، ملک بھر کے بہترین کرکٹر زونگ فور جی نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت کے لیے فیصل آباد پہنچ چکے ہیں۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد 8 سال بعد ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ جہاں 96 بہترین کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیم کا رخ کرے گی۔
نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کی تیاری کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈکی جانب سے کھلاڑیوں کی آمدن میں اضافہ کو ترجیح دی گئی۔ یہی وجہ ہے کہ فیصل آباد میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی کپ کی فاتح ٹیم کی انعامی رقم میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا۔ 13 سے 24 اکتوبر تک جاری رہنے والے ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔
ایونٹ کی رنرز اپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے بطور انعام دیا جائے گا۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں شیڈول ایونٹ کے دوران مین آف دی میچ کو 25 ہزار اور فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی کو 35 ہزار جبکہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کوایک لاکھ روپےکی انعامی رقم دی جائے گی۔
ایونٹ کے بہترین بیٹسمین، باؤلر اور وکٹ کیپر کو بھی ایک ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔
ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی میچوں پرمشتمل سیریز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی ڈرافٹنگ میں شامل کیا جاسکتا ہے تاہم نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کی منظوری کے بعدکھلاڑیوں کو اقبال اسٹیڈیم میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی۔
زونگ فور جی نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے تمام میچز ٹین اسپورٹس اور پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ ایونٹ میں روزانہ 2 میچز کھیلے جائیں گے تاہم فائنل مقابلہ 24 اکتوبر کو ہوگا۔
پاکستانی وقت کے مطابق پہلا میچ روزانہ دوپہر 1:30 بجے اور دوسرا میچ 5:30 بجے شروع ہوگا۔
تمام میچوں کی تازہ ترین تفصیلات پاکستان کرکٹ بورڈ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کی جائیں گی۔ پی سی بی ہر میچ کی رپورٹ بھی شائع کرے گا۔
شان مسعود، کپتان سدرن پنجاب
سدرن پنجاب کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ قومی کرکٹ کو نئے ستارے دے گا۔ انہوں نے شائقین کرکٹ سے اسٹیڈیم آنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نے جاوید میانداد انکلوژر کو فیملیز کے لیے مختص کیا ہے۔ امید ہےگراؤنڈ میں مداحوں کی بھرپور اسپورٹ میسر ہوگی۔
احمد شہزاد، نائب کپتان سنٹرل پنجاب
سنٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان احمد شہزاد نے کہا کہ شائقین کرکٹ کھیل کی جان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی عوام کرکٹ اور کرکٹر سے بے حد محبت کرتی ہے۔ سنٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم کے اوپنر نے مداحوں کو اسٹیڈیم کا رخ کرنے کی درخواست کی ہے۔
عمران فرحت، نائب کپتان بلوچستان
بلوچستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان عمران فرحت کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں شامل ٹیموں میں نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہترین کھلاڑیوں کی موجودگی میں فیصل آباد کی عوام کو معیاری کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
سرفراز احمد، کپتان سندھ
سندھ کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ نئےڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کے ماتحت پہلے ٹی ٹوئنٹی کپ میں معیاری کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ انہوں نے والدین کو بچوں کےہمراہ جاوید میانداد انکلوژر کی نشستیں بھرنے کی درخواست کی ہے۔
سہیل تنویر، کھلاڑی ناردرن
ناردرن کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی سہیل تنویر کا کہنا ہےکہ فیصل آباد میں موجود کرکٹ کے مداح ہمیشہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے میدان کا رخ کرتے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ شائقین کرکٹ اتوار سے شروع ہونے والے ایونٹ میں بھی اپنی روایت کو برقرار رکھیں گے۔
محمد رضوان، کپتان خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا کرکٹ ٹیم کےکپتان محمد رضوان نے کہا کہ انہیں میچ کے دوران اسٹیڈیم میں موجود مداحوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کی منظوری کے بعد ہر ٹیم میں 10 سے 11 کھلاڑیوں کے پاس بین الاقوامی کرکٹ کا تجربہ ہے۔
نیشنل ٹی ئٹونٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ
نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کا آغاز 13 اکتوبر سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔
ٹورنامنٹ سیکنڈ الیون ٹیموں میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرے گا۔یہاں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو فرسٹ الیون ٹیموں میں بطور بیک اپ شامل کیا جاسکتا ہے۔
فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کی طرح سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ میں بھی آخری روز کے علاوہ روزانہ 2 میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے دونوں میچوں کے اختتام پر روزانہ راؤنڈ اپ جاری کرے گا۔
فرسٹ الیون اسکواڈز
بلوچستان
حارث سہیل (کپتان)، عمران فرحت (نائب کپتان)، عاکف جاوید، علی شفیق، عماد بٹ، اویس ضیاء، بسم اللہ خان (وکٹ کیپر)، حسین طلعت،امام الحق، عمران بٹ، محمد اصغر، محمد طلحہٰ، شہباز خان، تیمور خان، عمر گل اور یاسر شاہ۔
سنٹرل پنجاب
بابر اعظم (کپتان)، احمد شہزاد(نائب کپتان)، احمد بشیر، علی شان، بلال آصف، فہیم اشرف، حسن علی (فٹنس سے مشروط)، کامران اکمل، نسیم شاہ، رضوان حسین، سعد نسیم، سلمان بٹ، عمر اکمل، عثمان قادر، وقاص مقصوداورظفر گوہر۔
خیبرپختونخوا
محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، صاحبزادہ فرحان (نائب کپتان)، عادل امین، فخر زمان، افتخار احمد، اسرار اللہ، جنید خان، خوشدل شاہ، محمد محسن، محمد الیاس، مصدق احمد، عمر خان، عثمان خان شنورای، ذوہیب خان، عمران خان جونیئر، عرفان اللہ شاہ۔
ناردرن
عماد وسیم (کپتان)، عمر امین (نائب کپتان)، علی عمران، آصف علی، حیدر علی، حماد اعظم، حارث رؤف، محمد عامر،محمد نواز، موسیٰ خان، نوید ملک، روحیل نذیر، شاداب خان، سہیل اختر، سہیل تنویر اور زید عالم۔
سندھ
سرفراز احمد (کپتان ، وکٹ کیپر)، اسد شفیق (نائب کپتان)، عابد علی، احسان علی، انور علی، فواد عالم، کاشف بھٹی، خرم منظور، میر حمزہ، مرزا احسن جمیل، محمد حسنین، عمیر بن یوسف، سعد علی، سعود شکیل، سہیل خان اور ولید احمد۔
سدرن پنجاب
شان مسعود (کپتان)، سمیع اسلم (نائب کپتان)، عامر یامین، بلاول بھٹی، محمد عرفان، محمد عباس(فٹنس سے مشروط)، محمد حفیظ، محمد عرفان (اسپنر)، راحت علی، سیف بدر،شعیب ملک، صہیب مقصود، عمید آصف، عمر صدیق، وہاب ریاض اور زاہد محمود۔
Comments are closed on this story.