Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

لاہور ہائیکورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع کی درخواست مسترد کردی

اپ ڈیٹ 11 اکتوبر 2019 03:38pm

لاہور: ہائیکورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے دائر درخواست کو مسترد کرتے ہوئے گورنر پنجاب کے فیصلے کو درست قرار دے دیا۔

گلوکارہ میشا شفیع نے گلوکار و اداکار علی ظفر کے خلاف گزشتہ برس جنسی ہراسانی کی درخواست جمع کروائی تھی تاہم اسے پہلے تکنیکی بنیادوں پر صوبائی محتسب اور پھر گورنر پنجاب کی جانب سے مسترد کردیا گیا تھا۔

صوبائی محتسب اور گورنر پنجاب کی جانب سے درخواست مسترد ہونے کے بعد میشا شفیع نے لاہور ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔

گزشتہ برس میشا نے علی ظفر پر جنسی ہراسانی  کا الزام لگایا تھا جس کے بعد علی نے میشا کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے انہیں 100 کروڑ کا لیگل نوٹس بھجوایا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے میشا شفیع کی درخواست مسترد ہونے پر علی ظفر نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'لاہور ہائیکورٹ نے میشا کا کیس مسترد کردیا اور ایسا تیسری مرتبہ ہوا ہے، موقع پرست لوگوں کے جھوٹے الزامات زندگیاں تباہ کرسکتے ہیں اور اصل متاثرین بھی نظر انداز ہوجاتے ہیں'.

 

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں مزید کہا کہ 'ہم نے ایک مثال قائم کرنے کے لیے جدوجہد کی ہے، بہت جلد تمام ثبوت عوام کے سامنے لائے جائیں گے، آپ کی محبتوں اور تائید کا بہت بہت شکریہ'۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس میشا شفیع نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا۔