Aaj News

منگل, دسمبر 31, 2024  
28 Jumada Al-Akhirah 1446  

جینا ذلت سے ہو تو مرنا اچھا، نواز شریف کا اعلان"

اپ ڈیٹ 11 اکتوبر 2019 02:25pm

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کہتے ہیں کہ وہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے کی وجہ سے آج اس جگہ موجود ہیں، جینا ذلت سے ہو تو مرنا اچھا، ہمارا سر کوئی نہیں جھکا سکتا، ان ہتھکنڈوں سے ہم نہیں گھبرائیں گے۔ شہباز شریف کو کل تحریری طور پر ہدایت دیدی ہے۔

 احتساب عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ اپنا سر جھکا دوں گا تو ایسا کبھی نہیں ہوگا۔

چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت کے دوران نواز شریف نے  احتساب عدالت میں کہا کہ نیب کے تمام الزامات بے بنیاد ہیں،بتائیں کرپشن کہاں پر ہوئی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا 32 انڈسٹریزکےاندرہمارا نام تھا۔بتایا جائے کرپشن کہاں پر ہوئی؟ملک کا وزیر، وزیراعلیٰ اور 3بار وزیراعظم رہا ہوں،ان 5 ادوار میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت کردیں۔کرپشن ثابت ہوگئی تو سیاست چھوڑ دوں گا۔اثاثے سیاست میں آنے سے پہلے کے ہیں۔

انہوں نے کہا ایک مقدمہ بنا کر گوانتاناموبے یا کالاپانی بھجوا دیں۔پہلے سے جیل میں ہوں، اگر اتنی دشمنی ہے تو بتا دیں۔

نوازشریف نے الزام عائد کیا کہ مشرف نے نیب ان کے خلاف بنائی، نیب کو صرف ن لیگ اور اپوزیشن کےخلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔

سابق وزیراعظم نے سوال اٹھایا کہ یہ کیسی بے نامی ہےجو انہوں نے اپنے بھائی کے بچوں کو دے دی۔

 سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں ووٹ کو عزت دو کے نعرے کی وجہ سے آج اس جگہ موجود ہوں،دنیا میں عزت کمانے کے لیے ووٹ کو عزت دینا ہوگی،

نواز شریف نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو پر پہلے بھی ڈٹا تھا اب بھی ڈٹا ہوا ہوں،جو قومیں ترقی کرتی ہیں وہ اصولوں سے نہیں ہٹتیں، جینا ذلت سے ہو تو مرنا اچھا، اللہ کے فضل سے ہمارا سر کوئی نہیں جھکا سکتا،ان ہتھکنڈوں سے نہیں گھبرائیں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ  شہباز شریف کو خود کل تحریری طور پر ہدایت دیدی ہے۔